دورۂ پاکستان: بالآخر ویسٹ انڈیز نے ٹیم کا اعلان کردیا

0 1,048

پاکستان کے تاریخی دورے کے لیے ویسٹ انڈیز نے اپنے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت جیسن محمد کو سونپی گئی ہے۔ کل وقتی کپتان جیسن ہولڈر، کرس گیل، کارلوس بریتھویٹ اور دیوندر بشو سمیت کئی اہم کھلاڑیوں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر دورے سے انکار کردیا ہے البتہ مارلون سیموئلز، دنیش رامدین، آندرے فلیچر، سیموئل بدری اور چیڈوک والٹن اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں کامیاب انعقاد کے بعد ہمارا دستہ تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے کے لیے کراچی روانہ ہے۔ یہ پاکستان میں کرکٹ واپس لانے کے لیے ایک بہت بڑا قدم ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے کھلاڑی اور عملہ اس کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور اس میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد سکیورٹی اداروں نے کرکٹ ویسٹ انڈیز اور ویسٹ انڈین پلیئرز ایسوسی ایشن کو یقین دلایا ہے کہ خطرہ ایسا ہے جس پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ ہم نے ان کھلاڑیوں اور عملے پر واضح کیا ہے جو اس دورے پر تحفظات رکھتے تھے کہ بورڈ ان کے مؤقف کو سمجھتا ہے اور اس کا احترام کرتا ہے۔"

ویسٹ انڈیز کو گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن خراب موسم اور دیگر وجوہات کی بناء پر اس دورے کو معطل کردیا گیا تھا۔ جب سے ویسٹ انڈیز نے دورۂ پاکستان پر اتفاق کیا تھا تبھی سے کئی کھلاڑیوں کی جانب سے تحفظات ظاہر کیے گئے تھے اور گزشتہ ہفتے معلوم ہوا کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے فی کھلاڑی اضافی 25 ہزار ڈالرز دیے ہیں کہ کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں۔

تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز یکم اپریل سے شروع ہوگی اور تمام مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے جہاں ابھی پچھلے ہفتے ہی پی ایس ایل 3 کا یادگار فائنل کھیلا گیا ہے جس میں سیموئل بدری، چیڈوک والٹن اور آندرے فلیچر بھی شریک تھے۔

2009ء میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ کسی بین الاقوامی ٹیم نے کوئی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہو۔ 2015ء میں زمبابوے نے لاہور میں مختصر سیریز کھیلی تھی اور اب ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم ہوگا۔

گزشتہ سال سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دورے کا آخری مقابلہ لاہور میں کھیلا تھا۔ اس مقابلے کی طرح ویسٹ انڈیز نے بھی درجہ اول کی ٹیم تو نہیں بھیجی لیکن ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے یہ چھوٹے قدم بہت ضروری ہیں کیونکہ اسی کے نتیجے میں منزل قریب آئے گی۔

دورۂ پاکستان کے لیے ویسٹ انڈیز کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

جیسن محمد (کپتان)، سیموئل بدری، ریاد امرت، آندرے فلیچر، آندرے میک کارتھی، کیمو پال، ویراسیمی پرمال، روومین پاول، دنیش رامدین، مارلون سیموئلز، اوڈیئن اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز۔