کشمیر میں بھارتی مظالم: شاہد آفریدی بھی چلا اٹھے

0 1,094

شاہد آفریدی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ جارح مزاج آل راؤنڈر نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے پناہ مقبول ہیں۔ آفریدی ماضی میں کئی مواقع پر بھارت اور بھارتی کھلاڑیوں کی تعریف کرچکے ہیں تاہم کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے آپریشن اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں نے دیگر پاکستانیوں کی طرح انہیں بھی جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔

بذریعہ ٹویٹ شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری عوام پر شدید مظالم ڈھائے جارہے ہیں تاکہ حق خود ارادیت اور آزادی کے حق میں اٹھنے والی آواز کو دبایا جاسکے۔ سابق پاکستانی کپتان نے اقوام متحد اور دیگر بین الاقوامی انجمنوں کی خاموشی پر حیرانگی ظاہر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ وہ کشمیر میں جاری شب خون کی روک تھام کے لیے کوئی قدم کیوں نہیں اٹھا رہے؟

عام طور پر مسئلہ کشمیر کو سیاسی معاملہ قرار دیا جاتا ہے تاہم حالیہ واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں نے اسے سنگین انسانی المیے کے طور پر پیش کیا ہے۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں دسیوں ہلاکتوں اور درجنوں عام شہریوں کے زخمی ہوجانے کے بعد کشمیر ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں آ گیا ہے۔ بھارتی فوج کے خلاف مظاہروں اور سوگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انسانی المیے کو ایک طرف رکھ کر سوچیں تو بھی کشمیریوں اور شاہد آفریدی کی آپس میں محبت حیران کن ہے، گزشتہ ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں لالہ نے بھارتی سرزمین پر کھڑے ہو کر کشمیر شائقین کی حمایت کا کھلم کھلا اعتراف کرتے ہوئے شکریہ ادا کر کے کشمیریوں کے دل جیت لیے تھے۔ اور پھر دنیا میں وہ منظر بھی دیکھا کہ دھونی مقبوضہ کشمیر کے دورے پر پہنچے، میدان میں ہزاروں افراد جمع تھے مگر ہر طرف صرف آفریدی آفریدی کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔