گالم گلوچ پر شاداب خان کو سزا

0 1,046

نوجوان پاکستانی اسپنر شاداب خان کو آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا جس کی پاداش میں ان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

فیلڈ امپائرز نے شاداب خان کو آئی سی سی کے کوڈ کے لیول 1 کے مطابق قصوروار قرار دیا جو نامناسب جملے، اشارے یا غیر مناسب رویے پر لاگو ہوتا ہے۔ خاص طور پر جب کسی بین الاقومی میچ میں بلے باز کے آؤٹ ہونے پر گیندباز غیر مہذب نوعیت کے کسی اقدام میں ملوث پایا جائے تو اسے ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری سمجھا جاتا ہے۔

یہ واقعہ گزشتہ روز پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں پیش آیا۔ ویسٹ انڈین اوپنر بلے باز چیڈوک والٹن نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے جن میں سے 11 رنز شاداب خان کے پہلے اوور میں بٹورے گئے۔ مگر پاکستانی نوجوان اسپنر شاداب خان نے دوسرے اوور میں چیڈوک والٹن کو کلین بولڈ کر دیا۔ تب وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور والٹن کی طرف انگلی کا اشارہ کر کے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ ذیل میں ویڈیو ملاحظہ فرمائیں:

میچ کے بعد شاداب نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے معذرت چاہی جسے قبول کرتے ہوئے میچ ریفری ڈیوڈ بوون نے متعلقہ کوڈ کی خلاف ورزی پر کم سے کم سزا دینے کا فیصلہ کیا اور مزید کسی کاروائی کو غیر ضروری قرار دے دیا۔