محمد حفیظ کا غیر رسمی انٹرویو

0 1,194

محمد حفیظ موجودہ قومی اسکوارڈ میں سب سے تجربہ کار اور کار آمد بلے باز ہیں۔ اپنی سنجیدہ شخصیت اور گہرے سوچ و بچار کی وجہ سے انہیں ’پروفیسر‘ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ موصوف شاندار بلے بازی کے علاوہ اچھے اسپن گیند باز بھی ہیں اور ایک وقت پر گیندبازی کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست بھی رہے۔ مگر پھر باؤلنگ ایکشن قوانین کی زد میں آ کر پابندیوں کا شکار ہوگئے۔ قومی ٹیم کے اہم رکن ہونے کے علاوہ محمد حفیظ پشاور زلمی کی بھی جان ہیں اور بیشتر فتوحات میں ان کا نمایاں کردار رہا ہے۔

گزشتہ روز آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے ٹویٹر شائقین کو سوالات کرنے کا موقع دیا۔ ٹویٹر صارفین کی جانب سے پوچھے جانے والا سوالات اور ’پروفیسر‘ کے جوابات کو یہاں ایک انٹرویو کی طرز پر پیش کیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ قارئین بالخصوص پاکستان کرکٹ ٹیم، پشاور زلمی اور محمد حفیظ کے چاہنے والے اسے دلچسپ پائیں گے۔

سوال: آپ کا پسندیدہ ترین کرکٹر کون ہے؟
جواب: عمران خان

سوال: آپ کا پسندیدہ کرکٹ اسٹیڈیم کون سا ہے؟
جواب: لارڈز (انگلستان)، ایڈیلیڈ (اوول، آسٹریلیا) اور قذافی اسٹیڈیم

سوال: شعیب ملک یا عبدالرزاق، آپ کو کون پسند ہے؟
جواب: دونوں ہی زبردست آل راؤنڈر اور بہترین انسان ہیں۔

سوال: کیا آپ سمجھتے ہیں کہ فواد عالم کو ٹیسٹ ٹیم میں آنا چاہیے؟
جواب: جو بھی مقامی سطح پر کارکردگی پیش کرتا ہے اور فٹنس سلیکشن کے معیارات وغیرہ پر پورا اترتا ہے، اسے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملنا چاہیے۔

سوال: آپ بالنگ ایکشن کا دوبارہ ٹیسٹ کب دیں گے؟
جواب: پچھلے تین ماہ میں نے بہت محنت کی ہے اور جب بھی پاکستان کرکٹ بورڈ تیاری کرے گا، میں ٹیسٹ دینے کے لیے تیار ہوں۔

سوال: بازید خان کی کمنٹری کے بارے میں آپ کی رائے ہے؟
جواب: میں تمام سابق کرکٹرز کی عزت کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کی۔ بازید خان ایک اچھے آدمی ہیں اور کرکٹ کھیلنے کے بعد بھی اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان کے لیے نیک تمنائیں۔

سوال: پی ایس ایل کے فائنل میں (زلمی کی) شکست پر آپ کے کیا جذبات تھے؟
جواب: افسوس ہوا مگر پریشانی کی بات نہیں کیوں کہ پشاور زلمی نے بھرپور کوشش کی۔ اب ہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کی تیاری کر رہے ہیں۔

سوال: میں فاسٹ بالر ہوں اور بلوچستان سے انڈر 18 کرکٹ کھیلتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مجھے قومی ٹیم کے لیے منتخب نہیں کرے گا کیوں کہ میرا تعلق بلوچستان سے ہے۔
جواب: نہیں میرے بھائی، آپ علاقائی کرکٹ میں اچھی کارکردگی اور تسلسل دکھا کر منتخب ہوسکتے ہیں۔ منفی نہ سوچیں۔ آپ کے لیے نیک تمنائیں اور بلوچستان کے لوگوں کے لیے ڈھیر سارا پیار۔ پاکستان زندہ باد۔

سوال: کیا آپ مستقبل میں کوچنگ کا ارادہ رکھتے ہیں؟
جواب: میں سمجھتا ہوں کہ کوچنگ کے لیے خاص صلاحیتوں کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر میں انہیں سیکھنے میں کامیاب رہا تو اس بارے میں سوچا جاسکتا ہے۔

سوال: آپ کی کرکٹ اکادمی کیسی چل رہی ہے؟
جواب: میں مستقبل میں بین الاقوامی معیار کی کرکٹ اکادمی بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں تاکہ باصلاحیت نوجوان کو نکھارا جائے اور انہیں تعلیم کے ساتھ کھیل کے میدان میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے۔ اس حوالے سے جلد اعلان کروں گا، ان شاء اللہ

یہاں صرف وہی سوالات پیش کیے گئے ہیں جو محمد حفیظ اور کرکٹ سے متعلق ہیں۔ دیگر سوالات آپ ٹویٹر ہیش ٹیگ #askMH پر دیکھ سکتے ہیں۔