بھارت کو ناکوں چنے چبوائے، انگلستان کو پہلے ٹیسٹ سے قبل ہی بالادست پوزیشن پر لاکھڑا کر دیا: سمرسیٹ کوچ

1 1,019

انگلستان کے خلاف ایک شاندار سیریز سے قبل بھارت کو ایک زبردست دھچکا پہنچانے والے سمرسیٹ کے کوچ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیریز سے قبل واحد پریکٹس میچ میں بھارت کو تینوں دن ناکوں چنے چبوائے ہیں اور یوں انگلستان کو سیریز سے قبل ہی بہترین پوزیشن دے دی ہے۔

اینڈریو اسٹراس کی دونوں اننگز میں شاندار بلے بازی انگلستان کے لیے نیک شگون

مذکورہ میچ بھارت کے لیے انتہائی شرمندگی کا باعث بنا کیونکہ ایک جانب جہاں دونوں اننگز میں ان کے باؤلرز محض 5 وکٹیں حاصل کر پائے جبکہ اس کے مقابلے میں بھارت 224 اور دوسری اننگز میں صرف 69 رنز بنا سکا اور میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔ لیکن عالمی نمبر ایک کے لیے ایک برابری نہیں بلکہ ایک بہت بڑی شکست تھی۔ گوتم گمبھیر، راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، یووراج سنگھ جیسے اسٹار بلے بازوں کی موجودگی میں بھارت پہلی اننگ میں محض 224 رنز بنا سکا جس میں سے 103 رنز سریش رائنا نے بنائے۔ جبکہ دوسری اننگز میں اسے 462 رنز کا ہدف ملاجس کا حصول اس کے لیے ممکن نہ تھا۔ باؤلنگ میں ناقص کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سمرسیٹ نے پہلی اننگز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر 425 رنز جوڑے اور بھارت کی ناقص بلے بازی کے بعد دوسری اننگز میں محض 2 وکٹوں پر مزید 260 رنز بنا کر بھارت کو 462 رنز کا ہدف دیا جو وقت کی کمی کے باعث حاصل کرنا ممکن نہ تھا۔

سمرسیٹ کاؤنٹی کے کوچ اینڈی ہری نے کہا کہ یہ مقابلہ سمرسیٹ کی اخلاقی فتح پر منتج ہوا اور بھارت کو پریشان کن حالت میں چھوڑ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اب ایسی ٹیم کا مقابلہ کرنے جا رہا ہے جو عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کے لیے بہت سخت حریف ثابت ہوگی، اس لیے انہیں اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانا ہوگا اور مجھے امید ہے کہ وہ ایسا کریں گے لیکن کرکٹ کے گھر لارڈز میں ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم نے اپنی اعلی ترین کارکردگی دکھاتے ہوئے انہیں زبردست دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ ہم نے بلے بازی کے لیے سازگار پچ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی اور یوں انگلستان کو وہ غلبہ دیا جس پر انہیں ہمیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔

فالو آن کے باوجود خود بلے بازی کرنے کے فیصلے پر سمرسیٹ کے کوچ نے کہا کہ ہم نے ایسا نہیں کیا کیونکہ ہم اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی پوزیشن کو اور مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

اس میچ کی ایک خاص بات انگلستان کے کپتان اینڈریو اسٹراس کا عرصے کے بعد فارم میں واپس آنا تھا۔ اسٹراس نے پہلی اننگز میں 78 اور دوسری میں 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں اور بھارتی باؤلنگ کےلیے کڑا امتحان ثابت ہوئے۔ یوں ایک بڑی سیریز سے قبل قائد کا فارم میں آنا میزبان کے لیے ایک اچھا شگون ہوگا۔

میچ میں ملائیشین نژاد نوجوان کھلاڑی ارول سوپیا کی 156 اور 45 رنز کی شاندار اننگز بھی قابل ذکر رہیں اور کوچ کے مطابق یہ کارکردگی نوجوان کھلاڑیوں پر مثبت اثر ڈالے گی۔