صرف دو سال میں پاکستان مکمل سیریز کی میزبانی کے لیے تیار ہوگا

0 1,109

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے امید کا اظہار کیا ہے کہ 2 سال بعد یعنی 2020ء میں پاکستان ایک مکمل سیریز کی میزبانی کر رہا ہو گا کیونکہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کے پلے آف اور فائنل میچز کے انعقاد اور بعد ازاں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ٹی20 میچز کی سیریز نے نہ صرف حوصلہ عطا کیا ہے بلکہ دنیائے کرکٹ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہوگا۔

"ہم 2009ء میں سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے شدید مشکلات کا شکار رہے، مگر ہمت نہیں ہاری اور ملک میں بین الااقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ ہمیں 2015ء میں جا کر پہلی کامیابی حاصل ہوئی جب زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں قدم رکھا۔ اس کے بعد آئی سی سی کے بھرپور تعاون سے دنیا کے مختلف ممالک سے وابستہ کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کی آمد نے ہمارے ارادوں میں خوب رنگ بھرا اور دنیا کے خدشات ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب پی ایس ایل 2 کے فائنل کے کامیاب انعقاد سے حالات کافی سازگار ہو چکے تھے، جس کا ثبوت پی ایس ایل 2018ء کے اہم مقابلوں اور پھر دورۂ ویسٹ انڈیز سے ملتا ہے جہاں ہر مقابلے میں میدان بھی کھچا کھچ بھرے ہوئے نظر آئے۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ موافق صورتحال کے بعد اب ہم مکمل اعتماد کے ساتھ دوسرے ممالک کو قائل کر سکتے ہیں، اور انہیں یہ سمجھانے کی بہتر پوزیشن میں ہیں کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی کے ویسے خدشات نہیں ہیں۔ ہم ہر ٹیم کی اعلیٰ ترین سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ "ہمیں احساس ہے کہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے لاہور اور کراچی کے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں مگر یہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی جیسے بڑے ہدف کے سامنے یہ مشکلات کچھ بھی نہیں۔"