بھارت سے ایشیا کپ کی میزبانی چھین لی گئی

0 1,151

ایشیا کپ 2018 کی میزبانی بھارت سے چھن گئی ہے اور میزبان متحدہ عرب امارات ہوگا جہاں ممکنہ طور پر یہ ٹورنامنٹ 13 سے 28 ستمبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی وجہ سے اس ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا تھا جبکہ دوسری جانب سے بھی کچھ ایسی ہی صدائیں بلند ہوئیں کہ وہ پاکستان کی میزبانی نہیں کریں گے۔ اس کھینچاتانی کے دوران متحدہ عرب امارات نے پیشکش کی کہ وہ میزبانی کر سکتا ہے اور اب قرعۂ فال بھی اسی کے نام نکلا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل اور پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایشیا کپ کی منتقلی کا فیصلہ بھارت اور پاکستان کے مابین جاری سیاسی کشیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔ اس صورتحال پر تفصیلی غور و فکر کے بعد کونسل اس نتیجے پر پہنچی کہ ایونٹ کو ممکن بنانے کے لیے اسے کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے۔ علاوہ ازیں ایمرجنگ ٹیموں کا ایشیا کپ مشترکہ طور پر پاکستان اور سری لنکا میں ہوگا۔ ایونٹ کے میچز اپریل میں پاکستان میں ہونا تھے لیکن بھارت کے کھیلنے سے انکار کے بعد اب اسے دسمبر تک مؤخر کردیا گیا ہے جب بھارت کے میچز سری لنکا میں کھیلے جائيں گے۔

رواں سال ایشیا کپ میں مکمل اراکین کے طور پر بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کھیلیں گے جبکہ چھٹی ٹیم کا فیصلہ متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، نیپال، عمان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان پلے-آف میچز کے بعد ہوگا۔

2018 میں ایشیا کپ کا 14واں ایڈیشن کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل ابتدائی 12 ایڈیشنز کا فارمیٹ ایک روزہ پر مشتمل تھا یعنی 50 اوورز فی اننگز کے مقابلے ہوئے۔ لیکن 2016ء میں ہونے والے آخری ایشیا کپ میں پہلی مرتبہ یہ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا گیا۔ لیکن کہا جا رہا ہے کہ رواں سال ایک مرتبہ پھر یہ 50 اوورز کے مقابلوں کی صورت میں ہی کھیلا جائے گا۔ اس وقت بھارت دفاعی چیمپئن ہے، جس نے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔ دیکھتے ہیں اس سال متحدہ عرب امارات میں کون یہ اعزاز حاصل کرتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پاک-بھارت تعلقات کے گہرے سائے ایشیا کپ پر پڑے ہوں۔ 1984ء میں پہلے ایشیا کپ کے انعقاد کے صرف دو سال بعد بھارت نے سری لنکا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ 1991ء میں پاکستان نے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجی تھی اور ان دونوں کی اسی کھینچا تانی کی وجہ سے 2012ء سے 2016ء تک مسلسل تین ایشیا کپ بنگلہ دیش میں منعقد ہوئے۔

ویسے ایک اہم خبر یہ بھی ہے کہ ایشیا کرکٹ کونسل کا اگلا اجلاس رواں سال کے آخر میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔