بال ٹیمپرنگ کرنے والے سینٹرل کانٹریکٹس سے بھی محروم

0 1,101

آسٹریلیا کے معطل کیے گئے کپتان اسٹیو اسمتھ، اُن کے نائب ڈیوڈ وارنر اور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار کیمرون بین کرافٹ کو کرکٹ آسٹریلیا نے مرکزی معاہدوں سے بھی محروم کردیا ہے۔

اسمتھ اور وارنر بورڈ کی جانب سے ایک، ایک سال کی پابندیاں بھگت رہے ہیں جبکہ بین کرافٹ کو 9 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ ان تینوں کی عدم موجودگی میں کرکٹ آسٹریلیا کی معاہدوں کی فہرست کافی مختلف نظر آ رہی ہے جس میں کل 20 کھلاڑی شامل ہیں۔

کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف گئے تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے سامنے آنے سے کرکٹ آسٹریلیا کی چولیں ہل گئی ہیں۔ لیکن اس بحران سے نکلنے کے لیے بورڈ نے بڑی بے رحمی سے ملوث افراد سے نمٹنے کی کوشش کی ہے، بالخصوص قائدین پر طویل پابندیاں ظاہر کرتی ہے کہ آسٹریلیا کبھی ایسی اوچھی حرکت کو ہلکا نہیں لے گا۔

اب جبکہ سب کی نظریں 2018-19ء پر ہیں، خاص طور پر اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ پر، تو کرکٹ آسٹریلیا نے پانچ نئے چہروں کو کانٹریکٹس سے نوازا ہے، ابھرتے ہوئے اسٹار ایلکس کیری، جھائی رچرڈسن، کین رچرڈسن، اینڈریو ٹائی اور آل راؤنڈر مارکوس اسٹوئنس۔ اسپنر ایڈم زیمپا کے علاوہ زخمی جیمز پیٹن سن اور نیتھن کولٹر-نائل بھی جیکسن برڈ اور چیڈ سیئرز کی طرح فہرست میں جگہ نہیں پا سکے۔

آسٹریلیا کے قومی سلیکٹر ٹریور ہونز نے کہا کہ "اس عرصے میں محدود اوورز کی اہم کرکٹ کھیلی جائے گی جیسا کہ ورلڈ کپ 2019ء۔ یہی وجہ ہے کہ کانٹریکٹس کے معاملے میں توجہ انہی کھلاڑیوں پر زیادہ دی گئی ہے جو سفید گیند کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ ہماری نظریں اپنے ورلڈ کپ کے اعزاز کا دفاع کرنے پر مرکوز ہیں۔ " انہوں نے مزید کہا کہ "اینڈریو ٹائی ایک تجربہ کار باؤلر ہیں جو ڈومیسٹک کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر دہرا سکتے ہیں۔ ایلکس کیری ٹم پین کے ساتھ دوسرے وکٹ کیپر ہوں گے۔ کین رچرڈسن کو شیفیلڈ شیلڈ میں کارکردگی کا صلہ دیا گیا ہے۔"

کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ مرکزی معاہدے کرنے والے کھلاڑیوں میں یہ شامل ہیں:

آشٹن ایگر، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، آرون فنچ، پیٹر ہینڈس کمب، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لیون، گلین میکس ویل، شان مارش، مچل مارش، ٹم پین، میتھیو رینشا، جھائی رچرڈسن، کین رچرڈسن، بلی اسٹین لیک، مچل اسٹارک، مارکوس اسٹوئنس اور اینڈریو ٹائی۔