آسٹریلیا اور پاکستان کھیلیں گے زمبابوے میں ٹرائی اینگولر سیریز
آسٹریلیا اور پاکستان یکم جولائی سے زمبابوے میں ایک سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں گے۔
اس امر کی تصدیق زمبابوے کرکٹ نے کی ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پاکستان 13 جولائی سے پانچ ون ڈے میچز کی ایک سیریز بھی کھیلے گا، جو 22 جولائی تک جاری رہے گی۔
زمبابوے کرکٹ کے ایک اور مالی بحران کی وجہ سے خطرہ تھا یہ کہ پاکستان یہ دورہ نہیں کرے گا لیکن نشریات کاروں اور اسپانسرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اب معاملات درست سمت پر گامزن ہیں بلکہ سہ فریقی سیریز کے اعلان سے تو دلچسپی اور بڑھ گئی ہے۔
زمبابوے کرکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین نے کہا کہ کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ہم آسٹریلیا اور پاکستان کے ساتھ ایک سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز منعقد کرنے جا رہے ہیں، جس کے بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز بھی ہوگی۔
آسٹریلیا نے آخری بار 2014ء میں ایک ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے زمبابوے کا دورہ کیا تھا جہاں وہ 31 سال بعد زمبابوے کے خلاف کوئی مقابلہ ہارا تھا۔ آخر میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ جبکہ پاکستان نے آخری بار 2015ء میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے زمبابوے کا دورہ کیا تھا اور دونوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
اس ٹی ٹوئنٹی ٹرائی اینگولر سیریز کا آغاز یکم جولائی کو زمبابوے اور پاکستان کے مقابلے سے ہوگا۔ جس کے بعد تینوں ٹیمیں آپس میں دو، دو مقابلے کھیلیں گی، جن میں پاک-آسٹریلیا مقابلے 2 اور 5 جولائی کو ہوں گے جن کے بعد فائنل 8 جولائی بروز اتوار کھیلا جائے گا۔