"سر جدیجا" کامران اکمل بن گئے؛ ایک ہی اوور میں دو کیچ ڈراپ!

0 1,038

بھارتی آل راؤنڈر رویندر جدیجا اس وقت اپنی بدترین فارم میں ہیں۔ بلے بازی اور گیند بازی تو ایک طرف، "سر جدیجا" سے تو فیلڈنگ بھی نہیں ہو پارہی۔

بلے بازی میں رویندر جدیجا کی خراب کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ 2018 میں جدیجا 9 میچز کھیل کر صرف 59 رنز بنا پائے ہیں۔ مہندر سنگھ دھونی کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے وہ چنئی سپر کنگز میں شامل تو ہیں مگر ان کی مسلسل ناقص کارکردگی نے ٹیم انتظامیہ سمیت شائقین کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔

دو بنیادی کاموں یعنی بلے بازی اور گیند بازی میں ناکامی کے باوجود جدیجا زبردست فیلڈنگ کے باعث ٹیم میں جیسے تیسے جگہ بنا ہی لیتے تھے تاہم اب سے چند روز قبل ایڈن گارڈنز میں چنئی سپر کنگز اور کوکلتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ میں ان کی "اعلی فیلڈنگ" کا پول بھی کھل گیا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جدیجا کی جگہ پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل مڈ-آف پر کھڑے ہیں جو انتہائی اہم وقت پر بہترین کھلاڑیوں کے کیچ گرانے کے لیے مشہور ہیں۔ یقین نہ آئے تو خود دیکھ لیجیے:

اب ذرا سر جدیجا کو بھی دیکھ لیجیے جنہوں نے یہ آسان اور اہم ترین کیچ اس وقت چھوڑے کہ جب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی اننگز کا دوسرا اوور جاری تھا۔ جارح مزاج اوپنر نارائن نے جب ایک گیند کو مڈ-آف کی طرف اچھالا تو وہاں رویندر جدیجا موجود تھے جو دو کوششوں کے باوجود گیند تھامنے میں ناکام رہے۔ ٹھیک ایک گیند بعد ہی نارائن نے ایک مرتبہ پھر بالکل ویسا ہی شاٹ کھیلا اور گیند ایک بار پھر اڑتی ہوئی جدیجا کی طرف بڑھی مگر نتیجہ اس بار بھی پہلے سے مختلف نہ رہا۔

اس پر چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور گیند باز کے ایم آصف کا چراغ پا ہونا تو بنتا ہی تھا۔ گو کہ بعد ازاں جدیجا نے نارائن کو 32 رنز پر پویلین لوٹا دیا تاہم اس سے میچ کا نتیجہ تبدیل نہ ہوسکا اور دھونی کی ٹیم 6 وکٹوں سے یہ میچ ہار گئی۔