سچن کی سویں سنچری پر 2 ارب روپے کا سٹہ
سچن ٹنڈولکر ٹیسٹ کرکٹ کے دو ہزارویں ٹیسٹ میں کیریئر کی سویں سنچری کے متلاشی ہیں۔ اور اس وقت دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کے سامنے جو سب سے بڑا سوال ہے وہ یہ ہے کہ کیا اس تاریخی ٹیسٹ میں سچن اپنے بین الاقوامی کیریئر کی سویں سنچری بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے؟۔ تو بھلا سٹے باز کیوں خاموش رہیں؟ اس وقت صرف سچن کی سنچری پر 2 ارب روپے کا سٹہ لگایا جا چکا ہے۔
اس سٹے میں سب سے آگے بھارت کے سٹے باز ہيں جو دنیا بھر میں سٹے بازی کی سب سے بڑی مارکیٹ میں بیٹھے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صرف سچن کی سنچری پر دو ارب روپے کا سٹہ لگایا جاچکا ہے۔
اس وقت دنیا کے کئی ماہرین کی نظریں بھی سچن کی سنچری پر ہیں اور ماضی کے معروف ویسٹ انڈین بلے باز اور سچن کے ہم عصر برائن لارا نے تو یہ تک کہا ہے کہ میں سچن کی سنچری دیکھنے ہی لندن آیا ہوں۔
38 سالہ سچن ٹنڈولکر کرکٹ کے گھر لارڈو میں گزشتہ 7 اننگز میں ناکام ہی رہے ہیں اور نصف سنچری تک اسکور نہیں کی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ٹنڈولکر اس ٹیسٹ میں سویں سنچری داغ کر اسے مزید یادگار بنا پاتے ہیں یا پھر انہیں اگلے ٹیسٹ کا انتظار کرنا ہوگا۔