پاکستان کپ 2018 فیڈرل ایریاز کے نام

پاکستان کپ کے تیسرے سیزن 2018 کا فائنل فیڈرل ایریاز اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں سابق چیمپیئن فیڈرل ایریاز نے 5 وکٹ سے باآسانی جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرلیا۔
پاکستان کپ کے فائنل میں فیڈرل ایریاز نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو ایک درست فیصلہ ثابت ہوا۔ کے پی ٹیم کی جانب سے خرم منظور اور شان مسعود نے آغاز کیا اور 60 رنز کی شراکت قائم کی مگر خرم 32 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد محمد حفیظ نے شان مسعود کے ساتھ مل کر رنز کی رفتار کو گرنے نہ دیا۔ دونوں کے مابین 43 کی شراکت قائم ہوئی تاہم شان مسعود 49 گیندوں پر 52 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ اب ایک طرف تو تجربہ کار حفیظ ڈٹے رہے مگر دوسرے اینڈ پر وقفے وقفے سے آؤٹ ہونے کی لائن لگ گئ، اسرار اللہ 26 رنز، عمراکمل 1 رنز، عادل امین 22 رنز، حماد اعظم 1 جبکہ محمد عرفان سینئر نے 3 رنز بنائے اور محمد عرفان جونیئر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، ضیا الحق نے 9 گیندوں پر 3 رنز بنائے جبکہ حسن علی 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اور جہاں تک محمد حفیظ کی بات ہے تو انہوں نے 9 چوکوں اور 1 چکھے کی مدد سے 86 گیندوں پر 89 رنز اسکور کیے، اس طرح 43.4 اوورز میں پوری ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فیڈرل ایریا کی طرف سے عثمان خان شنواری نے 34 رنز دیکر 3 وکٹیں اور حسین طلعت نے 37 رنز کے عوض 2 وکٹیں کمائیں۔
ہدف کے تعاقب میں فیڈرل ایریا کے کپتان کامران اکمل نے اپنا روایتی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر 38رنز بنا کر عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم وہ حفیظ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اوپنر عابد علی بھی جلد ہی 21 گیندوں پر 16 رنز بناکر میدان سے واپس ہوئے، ٹیم کو کچھ مشکل ضرور پیش آئی مگر رضا علی ڈار نے ڈولتی کشتی کو خوب سنبھالا اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 49 رنز پر چوک گئے اور 1 رنز سے نصف سنچری نہ بنا سکے۔ بعدازاں آغا سلمان اور سعد نسیم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 79 رنز بنائے اور جیت کی راہ ہموار کر دی، سعد نسیم 7 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 34 گیندوں پر 51 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے جبکہ آغا سلمان نے 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تاہم عمید آصف اور حسین طلعت 18 اور 10 رنز پر ناقابل شکست رہے اوراس طرح 9 اوور قبل ہی ہدف عبور کروا دیا اور اپنی ٹیم کو چیمپئن بنوا دیا، کےپی کی جانب سے ضیا الحق نے 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
اختتامی تقریب میں عثمان خان شنواری کو فائنل کا مرد میدان قرار دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر کا ایوارڈ فیڈرل ایریا کے وقاص مقصود قرار پائے، کے پی کے خرم منظور بہترین بلے باز اوربہترین آل راؤنڈر محمد نواز کے حصے میں آیا۔