عبد الرزاق پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے خواہشمند

0 1,065

پاکستان کے سابق باصلاحیت آل راؤنڈر عبد الرزاق نے پاکستان سپرلیگ میں اپنے جوہر دکھانے کے خواب دیکھنا شروع کر دیے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔ عبد الرزاق نے کہا کہ وہ اب ڈومیسٹک کرکٹ میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یاد رہے عبدالرزاق نے آخری ڈومیسٹک میچ 2014ء میں کھیلا تھا۔

38سالہ جارح مزاج آل راؤنڈر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی پیش کر کے ثابت کریں گے کہ وہ اب بھی مکمل فٹ ہیں اور بھرپور فارم میں ہیں۔ انہیں امید ہے کہ اچھی کارکردگی کے ذریعے وہ آئندہ سال پی ایس ایل 2019ء کے لیے منتخب ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں میں عبد الرزاق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ تھے۔ مگر اب وہ کھلاڑی کی حیثیت میں میدان میں اترنا چاہتے ہیں۔ عبد الرزاق کے بارے میں عمومی تاثر یہی ہے کہ وہ قبل از وقت کرکٹ سے دور ہو گئے اور وہ مزید کرکٹ کھیل سکتے تھے مگر اب بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے تو شاید ان پر کبھی نہ کھلیں۔

عبدالرزاق نے 1996 میں بین الااقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ وہ اب تک 46 ٹیسٹ، 265 ایک روزہ اور 32 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔