ڈے-نائٹ ٹیسٹ پر بھارت کا انکار؛ آسٹریلیا نے گھٹنے ٹیک دیے

0 1,153

بالآخر بھارت نے اپنی بات منوا ہی لی اور کرکٹ آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صاف انکار کے بعد ہم نے بھارت کے ساتھ ایڈیلیڈ میں ایک ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کا منصوبہ ترک کر دیا ہے اور اب یہ ٹیسٹ روایتی انداز کے مطابق دن ہی میں منعقد کیا جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز ستھرلینڈ کا کہنا ہے کہ ہمیں بی سی سی آئی کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام میں لکھا ہے کہ بھارتی ٹیم ایڈیلیڈ میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کے لئے بالکل بھی تیار نہیں ہیں، جس کے بعد ہم نے پرانے فارمیٹ کے مطابق میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے آسٹریلیا نے اس سے پہلے 6 سے 10 دسمبر کو گلابی گیند کے ساتھ ڈے-نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا کہا تھا مگر بھارت نے اس وقت بھی خاص اہمیت نہیں دی تھی۔ بی سی سی آئی کے ایڈمنسٹریٹر ونود رائے نے تصیدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ہم ایڈیلیڈ میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔

جیمز ستھرلینڈ نے کہا کہ ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ ٹیلی وژن ناظرین کے لئے زیادہ دلچسپ ہوگا اور تیزی سے مقبول ہوتے ٹی 20 کے دور میں 5 روزہ فارمیٹ کو بچانے کا یہی واحد ذریعہ ہے ورنہ عوام کی دلچسپی کم سے کم ہوتی جائے گی۔ عالمی درجہ بندی کی سرفہرست بھارت نے اس تجویز سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتنی اہم سیریز کا آغاز ڈے-نائٹ ٹیسٹ سے کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

بھارت کے مسلسل انکار کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ آسٹریلیا نے 2015 میں اسی مقام پر چار ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچز گلابی گیند سے کھیلے تھے اور تمام میچز آسٹریلیا نے ہی جیت لئے تھے۔ دوسری طرف بھارت نے ابھی تک گلابی گیند کا استعمال نہیں کیا اس لیے وہ آسٹریلیا کو کسی بھی قسم فائدہ پہنچانے کے حق میں نہیں ہیں۔