شعیب ملک نے ’ریٹائرمنٹ پلان‘ کا اعلان کردیا

0 1,056

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے منصوبے کا خاکہ پیش کر دیا ہے۔ آل راؤنڈ کہتے ہیں کہ وہ 2019ء کے عالمی کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے البتہ محدود ترین طرز کرکٹ کو 2020ء میں منعقد ہونے والی ٹی20 چیمپیئن شپ تک جاری رکھیں گے۔ اس کے بعد شعیب ملک ممکنہ طور پر بین الااقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لیں گے۔

اگر کارکردگی اور فٹنس برقرار رہی تو میرے کیریئر میں یہ دو اہم اہداف ہیں اور میں چاہتا ہوں دونوں بڑے ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

فی الحال محدود ترین فارمیٹ میں شعیب ملک کی نظریں کیریبئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) پر لگی ہیں جو اگست سے ستمبر میں کھیلا جائے گا۔ اس مرتبہ شعیب ملک سی پی ایل میں ایک نئی ٹیم کے ساتھ نظر آئیں گے۔ سابق کپتان گزشہ پانچ برس سے بارباڈوس ٹرائیڈینٹ کی طرف سے کھیل رہے تھے لیکن اس بار وہ گیانا ایمازون ویرئیرز کی نمائندگی کریں گے۔

شعیب ملک نے 3 سال قبل 3 نومبر 2015 کو شارجہ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے 34 ٹیسٹ میچوں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1860 رنز بنائے۔ علاوہ ازیں شعیب ملک ایک روزہ کیریئر میں 252 میچوں میں 9 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 6765 رنز اور 153 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ٹی20 کیریئر میں اب تک 89 میچوں میں 1753 رنز اور 25 وکٹیں کما رکھی ہیں۔ شعیب ملک اس وقت پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بین الااقوامی ٹی20 میچز کھیلنے والے شاہد آفریدی سے صرف 3 میچز دور ہیں اور جلد انہیں پیچھے چھوڑ دیں گے۔