امام الحق شاندار ٹیسٹ ڈیبیو کے لیے پُرامید

0 1,017

نوجوان بلے باز امام الحق نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے کا خواب سجا لیا ہے۔ 22 سالہ امام کا کہنا ہے کہ اپنے ملک کے لئے ٹیسٹ کھیلنا ہمیشہ سے میری خواہش رہی ہے تاہم یہ اندازہ نہ تھا یہ تمنا آئرلیند میں پوری ہوگی۔ امام الحق اس سے پہلے ایک روزہ فارمیٹ کے ڈیبیو میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری بنا کر اپنی صلاحیت کا لوہا منوا چکے ہیں۔ وہ اب تک 4 ایک روز میچ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

اس وقت امام الحق ٹیسٹ اسکواڈ کے سرفہرست 3 کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ چند دن پہلے کینٹ اور نارتھ ایمٹنشائر کے خلاف کھیلے گئے دو وارم اپ میچز میں امام نے بالترتیب 61 اور 59 رنز کی اننگز کھیلی جو بہت حوصلہ افزا بات ہے۔ پاکستان نے گزشتہ سال دو عظیم ٹیسٹ بلے باز مصباح الحق اور یونس خان کو کھویا ہے امید کی جا سکتی ہے کہ امام اس کمی کو کسی حد تک پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انضمام الحق میرے آئیڈیل ہیں اور میں ان جیسا بننا چاہتا ہوں

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے امام الحق نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کیریئر کے اولین میچ کا زیادہ دباؤ ہوتا ہے لیکن میں اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز پاکستان سمیت سب ہی ایشیائی ٹیموں کے لیے آسان نہیں ہوتیں اور یہاں مکمل فٹنس نہایت اہم ہوتی ہے، اس سے نمٹنے کے لئے بورڈ نے لاہور میں سخت ٹریننگ کا انتظام کیا تھا اور مزید یہ اچھا کام ہوا کہ انگلینڈ کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لئے کافی وقت مہیا کیا گیا۔ اس لئے امید کی جاسکتی ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔