پاکستانی گیند باز ٹرینٹ بولٹ سے سیکھیں گے

1 1,135

انگلش بلے بازوں کو قابو کرنے کے لئے پاکستانی کھلاڑی نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کی ویڈیو استعمال کر رہے ہیں جنہوں نے چند ماہ پہلے آکلینڈ میں انگلش ٹیم کا بھرکس نکال دیا تھا۔

پاکستان کے کوچ مکی آرتھر نے اپنے گیندبازوں کو ٹرینٹ بولٹ کی اس اننگز کی ویڈیو دکھائی جس میں وہ نئی گیند کے ساتھ اور مکمل لینتھ سے گیندبازی کرواتے ہوئے یک بعد دیگرے تمام اہم انگلش بلے بازوں کو پویلین لوٹا رہے ہیں۔ انگلش ٹیم کی بوکھلاہٹ ان کے فٹ ورک سے عیاں تھی جس کا بھرپور فائدہ گیندبازوں نے اٹھایا اور ساری ٹیم صرف 58 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ 9 کھلاڑی تو صرف 27 رنز پر ہی ڈریسنگ روم لوٹ چکے تھے جن میں ایلسٹر کک 5 رنز، ڈیوڈ میلان 2 رنز جبکہ جے روٹ اور بین اسٹوکس 0 شامل رہے۔ اور اس معرکے میں بولٹ نے 32 رنز کے عوض 6 بلے بازوں کا شکار کیا تھا۔ آئیے، آپ کو بھی اس شاندار گیند بازی کی جھلکیاں دکھاتے ہیں۔

چونکہ بولٹ بائیں ہاتھ کے گیند باز ہیں اس لئے مکی ارتھر نے بالخصوص محمد عامر اور راحت علی کو بلیگ کیپس گیند باز کی تکنیک دیکھنے اور لائن لینتھ کو سمجھنے کا اہتمام کیا۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ہمارے گیند باز بہت زبردست ہیں مگر ان کی لینتھ میں بہتری کی گنجائش ہے۔ عام طور پر برصغیر کے تمام ہی گیند بازوں کو انگلینڈ کی سرزمین پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے پاکستانی گیند باز لینتھ پر سنجیدگی سے محنت کر رہے ہیں۔