ڈے-نائٹ ٹیسٹ سے انکار بھارت کی ’خود غرضی‘ ہے: مارک واہ

0 1,111

بھارت نے ایڈیلیڈ میں ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر کے "خود غرضی" کا ثبوت دیا ہے جس سے ٹیسٹ کرکٹ کو دوبارہ مضبوط کرنے کی ہماری کوششوں کو نقصان پہنچا ہے، اس بات کا اظہار آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ بلے باز مارک واہ نے ایک ریڈیو پروگرام میں بات کرتے ہوئے کیا۔

یاد رہے بھارت نے 6 سے 10دسمبر کو ایڈیلیڈ میں ڈے-نائٹ میچ کھیلنے کی آسٹریلین تجویز کو مسترد کرتے ہوئے ٹیسٹ میچز سابقہ روایت کے مطابق صرف دن کو کھیلنے پر اصرار کیا تھا، بھارت کا کہنا تھا کہ ڈے-نائٹ میچ اور گلابی گیند کے لئے ہمارے کھلاڑی ابھی ذہنی طور پر تیار نہیں ہیں کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے کبھی ڈے-نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیلا ہے۔

تاہم آسٹریلیا میں بھارت کے اس رویے کو مجموعی طور پر مایوس کن انداز سے دیکھا جا رہا ہے۔ شائد یہی وجہ ہے کہ مارک واہ نے بھارت کے خوالے سے خود غرض جیسے سخت جملے کا اظہار کیا ہے کیونکہ آستریلیا اس ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کے ذریعے ٹیسٹ میں دلچسپی کے نئے رجحانات سامنےلانا چاہتا ہے۔

ویسے تو بہت سے ممالک ٹیسٹ فارمیٹ میں صرف دن کو کھیلنے کی روایت توڑ کر آگے بڑھنے والے ہیں تاکہ ٹیسٹ میں شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہو تاہم بھارت ابھی اس سے خائف کھا رہا ہے بلکہ بہت سے تجریہ نگار بھارت کے فرار کو گلابی گیند کا خوف قرار دے رہے ہیں۔

جس پر مارک واہ کا کہنا ہے کہ مجھے ویرات کوہلی کی قیادت میں کھیلنے والے مضبوظ اسکواڈ کے خوفزدہ ہونے پر حیرت ہو رہی ہے۔ کیونکہ بھارت کی مضبوط ٹیم ڈے-نائٹ کرکٹ کے لئے موزوں ترین ہے، پہلے ان کے پاس صرف شاندار اسپنر موجود تھ جس پر وہ بھروسہ کرتے تھے مگر اب تو انہیں اچھے تیزگیندباز بھی میسر ہیں اور سب سے بڑھ کر ان کے ہاں تکنیکی لحاظ سے سب سے بہتر بلےباز موجود ہیں۔ لہذا وہ اس ڈے-نائٹ میچ کے لئے بہت بہتر پوزیشن پر تھے۔

واضح رہے بھارت نومبر سے جنوری تک آسٹریلیا کا دورہ کرے گا جہاں اسے 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے علاوہ 3 ٹی20 میچوں کی سیریز اور 3 ہی ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔