آئرلینڈ پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیار؟

0 1,033

ڈبلن میں ہونے والے ایک شاندار مقابلے کے ساتھ آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والا گیارہواں ملک بن گیا ہے۔ پاکستان کے خلاف اولین ٹیسٹ کے بعد آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان کے خلاف فالو-آن کا شکار ہونے کے باوجود آئرلینڈ نے جس طرح جم کر مقابلہ کیا اور میچ کو آخری دن تک لے گیا، اس نے شائقین کرکٹ کو بہت متاثر کیا ہے اور شاید ہی کوئی ایسا ہوگا جو جلد آئرلینڈ کو دوبارہ کوئی ٹیسٹ کھیلتا نہ دیکھنا چاہے۔ البتہ تاریخی ٹیسٹ کے ذریعے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان جو کرکٹ تعلق قائم ہوا ہے، امید ہے کہ وہ بہت عرصے تک جاری رہے گا۔

پاکستان میں گزشتہ 9 سال سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔ آخری بار جب مارچ 2009ء میں لاہور میں ٹیسٹ کھیلا جار ہا تھا تو دہشت گردوں نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملہ کردیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے۔ تب سے اب تک پاکستان نے متعدد محدود اوورز کے مقابلے اور سیریز تو کھیلی ہیں لیکن کبھی ملک میں کسی ٹیسٹ کی میزبانی نہیں کر پایا۔ ویسے آئرلینڈ نے بھی 2014ء میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے سے یہ دورہ منسوخ ہو گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ وہ 2020ء تک ایک مکمل سیریز کی میزبانی کر پائے گا اور کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو ویرن ڈیوٹرم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے بدستور تیار ہیں۔

تاریخی ٹیسٹ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیوٹرم نے کہا کہ "ہمیں ابھی تک باضابطہ دعوت تو نہیں ملی لیکن ہم کئی ماہ بلکہ سالوں سے پاکستان کو کہہ رہے ہیں کہ جب آپ کو مناسب لگے، یہ محسوس ہو کہ اب دورہ کرنا محفوظ ہے، مالی طور پر بھی مفید ہے تو ہمیں دعوت دیجیے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "تمام تر حفاظتی انتظامات کو دیکھتے ہوئے ہم اس دعوت نامے کو سنجیدہ لیں گے، اپنے کھلاڑیوں، حکومت اور دیگر تمام اداروں کے سامنے رکھیں گے اور قسمت نے ساتھ دیا تو پاکستان آنے میں خوشی محسوس کریں گے۔"