شاہد آفریدی ورلڈ الیون کی جانب سے نہیں کھیلیں گے

0 1,385

شاہد خان آفریدی 31 مئی کو ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے مقابلے میں شرکت نہیں کر پائیں گے کیونکہ وہ ابھی تک گھٹنے کی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے۔

38 سالہ "لالا" کا کہنا ہے کہ انہیں اب بھی مکمل بحالی میں تین سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے اس کا اعلان ٹوئٹر پر کیا اور شائقین سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی جلد صحت یابی کی دعا کریں۔

گزشتہ ماہ شاہد آفریدی کے ساتھ ساتھ شعیب ملک اور سری لنکا کے تھیسارا پیریرا نے بھی ورلڈ الیون کی نمائندگی کی یقین دہانی کروائی تھی۔ یہ مقابلہ لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ویسٹ انڈیز میں ان میدانوں کی تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی جو حالیہ طوفانوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شاہد آفریدی اور شعیب ملک لارڈز پر ہونے والے اس فائنل کا حصہ تھے جو جیت کر پاکستان 2009ء کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن بنا تھا۔

ورلڈ الیون کی قیادت انگلینڈ کے ایون مورگن کریں گے جبکہ ٹیم میں بھارت کے ہاردک پانڈیا اور دنیش کارتھک بھی شامل ہوں گے۔ افغانستان کے راشد خان، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے بھی اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی اور مچل میک کلیناگھن کی شمولیت بھی یقینی ہے۔

ویسٹ انڈیز نے کارلوس بریتھویٹ کی قیادت میں ایک مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں کرس گیل، مارلون سیموئلز، سیموئل بدری اور آندرے رسل جیسے اسٹارز بھی شامل ہیں۔