پاکستان کے خلاف ٹیسٹ: انگلش کپتان نمبر تین پر کھیلیں گے

0 1,053

پچھلے سال ایلسٹر کک کی جگہ انگلینڈ کی قیادت سنبھالنے کے بعد سے جو روٹ چوتھے نمبر پر کھیل رہے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ کچھ خاص کامیاب نہیں رہے۔ کوچ ٹریور بیلس کا بھی ماننا ہے کہ انگلینڈ کے بہترین بلے باز کو تیسرے نمبر پر آنا چاہیے۔ اب پاکستان کے خلاف سیريز سے جیمز ونس کے اخراج یہ قدم اٹھانے کے لیے راہیں ہموار کردی ہیں۔

2018ء کے لیے انگلینڈ کی کٹ کے اجراء کے موقع پر روٹ نے کہا کہ میرے خیال میں یہ بہترین موقع ہے کہ میں ٹاپ آرڈر میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کروں۔ مجھے قیادت سنبھالے ہوئے ایک سال ہو چکا ہے اور اب اتنا تجربہ تو سمیٹ چکا ہوں کہ بغیر کسی پریشانی کے یہ قدم اٹھا سکوں۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، بالخصوص ون ڈاؤن پوزیشن پر گیری بیلنس، ٹام ویسٹلی اور جیمز ونس تینوں ناکام ہوئے تھے۔

جو روٹ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں وہ تیسرے نمبر پر آنے کے لیے تیار ہیں۔

جو روٹ نے اپنی کیریئر بیسٹ اننگز تیسرے نمبر پر ہی کھیلی تھی، جب انہوں نے پاکستان ہی کے خلاف 2016ء میں اولڈ ٹریفرڈ میں 254 رنز بنائے تھے۔ ویسے تو روٹ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز اوپنر کی حیثیت سے کیا تھا لیکن بعد میں نیچے کھیلنے لگے۔ اب مشکل حالات میں ان سے کہا جا رہا ہے کہ وہ بیٹنگ آرڈر میں اوپر آئیں۔ البتہ روٹ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک میچ میں وہ نمبر 3 پر کھیلنے آئے تھے لیکن کام نہیں بنا ليکن یہ بہترین موقع ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر ایک مرتبہ پھر یہ حکمت عملی آزمائی جائے۔

اب انگلینڈ کے نئے بیٹنگ آرڈر میں ہم جانی بیئرسٹو کو پانچویں نمبر پر کھیلتا دیکھیں گے جبکہ ان فارم جوس بٹلر ساتویں نمبر پر اسپیشلسٹ بیٹسمین کے طور پر منتخب کیے گئے ہیں۔

پاک-انگلینڈ ٹیسٹ سیريز کا آغاز جمعرات 24 مئی سے ہو رہا ہے جس میں کل دو مقابلے کھیلے جائیں گے۔