بنگلا-افغان ٹی20 سیریز: ٹائگرز دستے کا اعلان

بنگلادیش اور افغانستان کے مابین اگلے ماہ تین میچوں پر مشتمل انتہائی اہم ٹی20 سیریز بھارت میں کھیلی جانی ہے جسے دونوں ممالک بہت سنجیدہ لے رہے ہیں کیونکہ بنگلہ دیش کافی پرانی ٹیم ہونے کے باوجود معیار کے اعتبار سے ابھی تک بڑی ٹیموں میں جگہ نہیں بنا پائی اس لئے اسے اپنی عزت بچانا ہے جبکہ دوسری طرف افغانستان نے تھوڑا عرصہ میں بہت بہتر کارکردگی پیش کی ہے اور وہ دیگر ٹیموں کے لئے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
بنگلہ دیش نے اس سیریز کے لئے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق تقریبا ایک سال بعد مصدق حسین کی واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے آخری میچ 2017 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا تاہم رواں سال فروری میں سری لنکا کے مقابل انہیں نظرانداز کر دیا گیا۔ دوسری جانب فروری میں سری لنکا دورے کے لئے منتخب ہونے والے بلے باز امرالقیس، تیز گیندباز تسکین احمد اور وکٹ کیپر نورالحسن کو کھیلنے کا موقع دیے بغیر ڈراپ کردیا گیا ہے۔ امرالقیس اور نورالحسن سری لنکا میں کھیلی جانے والی ٹی20 سہہ ملکی سیریز میں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا جبکہ تسکین احمد کی کارکردگی ناقص رہی تھی، تاہم عجب بات یہ ہے کہ اسی ایونٹ میں بلے باز سمیاسرکار بھی پانچ اننگوں میں مجموعی طور پر صرف 50 رنز بنا کر ناکام ہی رہے تھے مگر انہیں افغانستان کے خلاف ٹیم میں شامل رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش افغانستان سے 3، 5 اور 7 جون کو انڈین شہر ڈیرادون میں مقابلہ کریں گے جو کہ دونوں ممالک کے درمیان محدود ترین فارمیٹ کی پہلی سیریز ہے۔
بنگلادیشی اسکواڈ
شکیب الحسن (کپتان)، محمود اللہ، تمیم اقبال، سومیہ سرکار، لٹن داس، مشفیق الرحیم، صابر رحمان، مصدق حسین، عارف الحق، مہدی حسن، نظم الاسلام، مستفیض الرحمان، ابو حیدر، روبیل حسین اور ابوجید۔