اے بی ڈی ولیئرز نے بین الاقوامی کرکٹ چھوڑ دی

0 1,200

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور سپرسٹار کرکٹر اے بی ڈی ولیئرز نے اچانک تینوں طرز کی بین الااقومی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس پر دنیا بھر میں موجود ان کے مداح حیران اور افسردہ ہیں۔

عجب بات یہ ہے کہ ابھی چند دن پہلے ہی ڈی ولیئرز نے آئی پی ایل کے میچ میں نہایت عمدہ بلے بازی بھی کی اور اپنے کیریئر کا بہترین "اسپائیڈر مین کیچ" تھام کر ساری دنیا کی توجہ حاصل کر لی تھی، جس پر کرکٹ کے تمام حلقوں میں ان کے ڈنکے بچ رہے تھے۔

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے لیے یہ کافی مشکل فیصلہ تھا تاہم طویل غور و فکر کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے جگہ خالی کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے الگ ہو جاؤں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں بھرپور کیریئر گزار لیا ہے اور سچی بات یہ ہے اب میں تھک چکا ہوں اس لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ کیریئر کے دوران مجھے ہر طرح سے تعاون فراہم کرنے پر میں تمام ساتھی کرکٹرز، کوچز، اسٹاف ممبران، کرکٹ ساؤتھ افریقہ اور دنیا بھر سے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ڈی ولیئرز نے کرکٹ کیریئر کے دوران بہت سے ریکارڈ بھی کما رکھے ہیں جن میں تیز ترین نصف سنچری اور تیز ترین سنچری سب سے نمایاں ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے یہ کارنامہ 31 گیندوں پر جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2015 میں انجام دیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈی ولیئرز نے جنوبی افریقا کی نمائندگی کرتے ہوئے 114 ٹیسٹ میچوں میں 50.66 کی ایوریج سے 8765 بنا رکھے ہیں جبکہ 228 ایک روزہ میچوں میں 53.50 کی ایوریج سے 9577 رنز جمع کیے۔ اس کے علاوہ 78 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل کر 26.14 کی ایویج سے 1672 جوڑے۔ڈی ولیئرز نے کرکٹ کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 47 سنچریوں، 109 ففٹیز کی مدد سے 26 ہزار 787 رنز اسکور کیے ہیں۔