راشد خان دنیا کا بہترین ٹی20 اسپنر ہے: سچن ٹنڈولکر

0 1,175

تن تنہا شاندار آل راؤنڈ کارکردگی سے سن رائزرز حیدرآباد کو آئی پی ایل 2018ء کے فائنل میں پہنچانے والے راشد خان زبردست داد و تحسین وصول کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے کلکتہ نائیٹ رائیڈرز کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برق رفتار 34 رنز کی اننگز سجائی اور پھر مخالف ٹیم کے 4 اہم بلے بازوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے راشد خان کی اس شاندار کارکردگی پر عظیم بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے انہیں مختصر طرز کرکٹ میں دنیا کا بہترین اسپنر قرار دیا ہے۔ بذریعہ ٹویٹر انہوں نے راشد خان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ میں راشد خان کو ایک اچھا اسپنر سمجھتا تھا لیکن اب مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ وہ ٹی20 طرز کرکٹ میں دنیا کا بہترین اسپنر ہے۔

ایک ایسے وقت کہ جب سن رائزرز حیدرآباد کے تمام بڑے نام پویلین لوٹ چکے تھے، راشد خان نے اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کیا۔ 19 سالہ افغان کھلاڑی نے صرف 10 گیندوں پر ناقابل شکست 34 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو 174 رنز کے قابل ذکر مجموعے تک پہنچا دیا، جو محض چند اوورز قبل ناممکن نظر آتا تھا۔

راشد خان بلے بازی کرتے ہوئے

جواب میں کلکتہ نائیٹ رائیڈرز نے جارحانہ انداز سے ہدف کا تعاقب شروع کیا اور ابتدائی اوورز میں ہی میچ کا جھکاؤ ان کی جانب ہوگیا۔ ایسے موقع پر راشد خان ایک مرتبہ پھر سامنے آئے اور تین حریف بلے بازوں بشمول روبن اتھاپا، کرس لائن اور آندرے رسل کو چلتا کر دیا۔ یکے بعد دیگرے اہم وکٹیں گنوانے کے بعد کلکتہ کی ٹیم سنبھل نہ پائی اور اختتامی اوور میں راشد خان نے شیوم ماوی کو آؤٹ کر کے کلکتہ کے تابوت میں آخری کیل بھی ٹھونک دی۔