بھارت پاکستان کے ریکارڈ کے قریب پہنچ گیا
کسی ایک ملک کے خلاف سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز جیتنے کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے
بھارت پہنچتے ہی گویا سری لنکا کی شامت آ گئی ہے، جہاں لکھنؤ میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے با آسانی 62 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے اور ساتھ ہی ایک اہم ریکارڈ کی طرف پیش قدمی بھی کی ہے۔
بھارت کی کامیابی میں اہم کردار وکٹ کیپر ایشان کشن کا تھا جنہوں نے 56 گیندوں پر 89 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ شیریاس آیر نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان روہت شرما نے 44 رنز بنائے۔
200 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کا حال پہلی ہی گیند سے خراب نظر آیا، جس پر بھوونیشور کمار نے پاتھم نسانکا کو کلین بولڈ کر دیا تھا۔ صرف 60 رنز تک پہنچتے پہنچتے اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس کے بعد صرف چارتھ اسالنکا اور ٹیل اینڈرز نے ہی کچھ مزاحمت کی۔ اسالنکا نے ناٹ آؤٹ 53 رنز بنائے لیکن سری لنکا کو 137 رنز سے آگے نہیں لے جا سکے۔
یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کی سری لنکا کے خلاف 15 ویں کامیابی تھی یعنی کسی بھی ملک کے خلاف بھارت کی سب سے زیادہ فتوحات۔
اِس وقت کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز جیتنے کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے جس نے زمبابوے کے خلاف کُل 17 میچز میں 16 کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
دوسرے نمبر پر بھارت ہے کہ جس نے سری لنکا کے خلاف 23 میچز میں 15 مقابلے جیتے ہیں۔ ابھی بھارت-سری لنکا سیریز کے مزید دو ٹی ٹوئنٹی میچز باقی ہیں، یعنی بھارت کے پاس پاکستان کا ریکارڈ توڑنے کا موقع موجود ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان بھی نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 15، 15 کامیابیاں رکھتا ہے۔ یعنی اس ریکارڈ پر مستقبل میں اچھی خاصی کھینچا تانی نظر آئے گی۔
کسی ایک ملک خلاف سب سے زیادہ فتوحات میں ٹاپ 4 میں تین مرتبہ پاکستان کا نام موجود ہونا ظاہر کرتا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کتنی بڑی طاقت ہے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل: کسی ایک ملک کے خلاف سب سے زیادہ فتوحات
بمقابلہ | میچز | فتوحات | شکستیں | فتوحات کا تناسب | |
---|---|---|---|---|---|
پاکستان | زمبابوے | 17 | 16 | 1 | 94.11 |
بھارت | سری لنکا | 23 | 15 | 7 | 68.18 |
پاکستان | نیوزی لینڈ | 25 | 15 | 10 | 60 |
پاکستان | ویسٹ انڈیز | 21 | 15 | 3 | 83.33 |
آسٹریلیا | جنوبی افریقہ | 22 | 14 | 8 | 63.63 |
ویسٹ انڈیز | انگلینڈ | 24 | 14 | 10 | 58.33 |
افغانستان | آئرلینڈ | 18 | 14 | 3 | 80.55 |