[آج کا دن] جب ایک طوفان نے جنم لیا

آج شاہد آفریدی کا 42 واں یوم پیدائش ہے

0 1,002

یہ تڑپ ہے یا ازل سے تیری خو ہے، کیا ہے یہ

رقص ہے، آوارگی ہے، جستجو ہے، کیا ہے یہ

علامہ اقبال نے اپنی نظم "شعاعِ آفتاب" میں یہ سوال سورج کی ایک کرن سے کیا تھا لیکن ہم تو دنیا کی ہر چیز کو کرکٹ کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمیں تو علامہ کے اس سوال میں بھی مخاطب ایک ہی شخص نظر آتا ہے، محمد شاہد خان آفریدی!

‏"لالا" 1980ء میں آج ہی کے دن پیدا ہوئے تھے۔ ایک وہ دن اور دوسرا وہ جب ان کا جنم بین الاقوامی کرکٹ منظرنامے پر ہوا تھا۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی انٹرنیشنل اننگز میں 37 گیندوں پر سنچری جیسا ریکارڈ بنایا، تیز ترین سنچری کا یہ ریکارڈ تو عرصہ ہوا ٹوٹ چکا لیکن حقیقت یہ ہے کہ دلوں پر حکمرانی آج بھی اسی اننگز کی ہے۔

اپنے تقریباً 20 سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں شاہد آفریدی نے پاکستان کے لیے 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے انٹرنیشنل اور 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے یعنی محدود اوورز کی کرکٹ میں وہ بالترتیب 400 اور 100 میچز کے سنگ ہائے میل عبور نہ کر سکے۔ بہرحال، ان میچز میں انہوں نے کُل 11,196 رنز بنائے، 11 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں اسکور کیں، 1,053 چوکے لگائے، حریف باؤلرز کو 476 چھکے رسید کیے اور 167 کیچز بھی لیے۔

شاید آپ کے علم میں بھی ہو کہ شاہد آفریدی دراصل ایک باؤلر کی حیثیت سے قومی ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔ مشتاق احمد کے زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا، لیکن وہ آئے اور بیٹنگ کے ذریعے ہی چھا گئے۔ پھر بھی بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ ہمیشہ ان کی سب سے نمایاں خصوصیت رہی۔ ان کی 541 انٹرنیشنل وکٹوں میں سے 48 ٹیسٹ میں، 395 ون ڈے اور 98 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں حاصل کی گئیں۔ ٹیسٹ میں ان کی اننگز میں بہترین باؤلنگ 52 رنز دے کر پانچ وکٹیں تھی جبکہ ون ڈے میں صرف 12 رنز دے کر 7 اور ٹی ٹوئنٹی میں محض 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ یہ اعداد و شمار غیر معمولی ہیں کیونکہ ان میں کئی ریکارڈز چھپے ہیں، قومی بھی اور بین الاقوامی بھی!

شاہد آفریدی سب سے کم عمر ون ڈے سنچورین بلے باز ہیں کیونکہ نیروبی میں کھیلی گئی اُس تاریخی اننگز کے وقت شاہد آفریدی کی عمر صرف 16 سال اور 217 دن تھی۔

پھر 351 چھکے بھی ہیں، جو آج بھی کسی کھلاڑی کے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں لگائے گئے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ چھکے تو "لالا" کی سب سے بڑی خاصیت بلکہ ان کا طرّہ امتیاز تھے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں انہوں نے کُل 476 چھکے لگائے جو 'یونیورس باس' کرس گیل کے بعد کسی بھی بلے باز کے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ لیکن ایسے چھکے کہ جو تاریخ کا دھارا پلٹ دیں؟ وہ تو کرس گیل کے نصیب میں بھی نہیں، مثلاً یہ:

ویسے ون ڈے کرکٹ میں کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سری لنکا کے چمندا واس کے پاس ہے جنہوں نے دسمبر 2001ء میں زمبابوے کے خلاف 19 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن شاہد آفریدی کا کارنامہ بھی اُن سے کم نہیں۔ جولائی 2013ء میں "لالا" نے اس سے کہیں مضبوط ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف اُسی کے ملک میں صرف 12 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ وہ بھی کیا یادگار میچ تھا! شاہد آفریدی نے صرف وکٹیں ہی نہیں لی تھیں بلکہ 55 گیندوں پر 76 رنز کی ایک شاندار اننگز بھی کھیلی تھی۔ یہ باری اُس وقت کھیلی گئی جب پاکستان کے 5 کھلاڑی صرف 47 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ پھر 225 رنز کا دفاع کرتے ہوئے شاہد آفریدی کی باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے پوری ویسٹ انڈین ٹیم کو صرف 98 رنز پر ڈھیر کیا۔

شاہد آفریدی کے انٹرنیشنل کیریئر پر ایک نظر

 میچزرنزبہترین اننگزسنچریاںنصف سنچریاںوکٹیںبہترین باؤلنگ
ٹیسٹ27171615658485/52
ون ڈے39880641246393957/12
ٹی ٹوئنٹی99141654*04984/11

شاہد آفریدی نے 2010ء میں آخری ٹیسٹ، 2015ء میں ون ڈے اور 2016ء میں کیریئر کا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا۔ لیکن اس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں ان کے جلوے ضرور نظر آتے۔ 2016ء میں کراچی کنگز سے شروع ہونے والا پی ایس ایل کیریئر 2022ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے بلکہ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے درمیان ہی میں سیزن چھوڑ گئے اور ساتھ ہی ہر قسم کی کرکٹ سے رخصت ہونے کا اعلان کر دیا۔ یعنی اب ہم شاہد آفریدی کو کبھی کھیلتا نہیں دیکھ سکیں گے 😞۔

یوں پاکستان سپر لیگ 2022ء ویسے تو بہت کامیاب ہوئی لیکن اس کے ختم ہوتے ہی پاکستان کرکٹ تاریخ کا ایک سنہرا باب بھی ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا۔