پاکستان کو ایک اور دھچکا، حارث رؤف بھی باہر

آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹیسٹ کے لیے نسیم شاہ طلب

0 840

آسٹریلیا کے تاریخی دورۂ پاکستان کے باضابطہ آغاز میں صرف دو دن رہ گئے ہیں اور پاکستان کو درپیش مسائل بجائے کم ہونے کے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ چند روز قبل حسن علی اور فہیم اشرف زخمی ہو کر پاکستان سپر لیگ اور ساتھ ہی پاک-آسٹریلیا ابتدائی ٹیسٹ سے باہر ہوئے اور اب تیز گیند باز حارث رؤف کی باری آ گئی ہے، جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ یعنی وہ جمعے سے شروع ہونے والے راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

واضح رہے کہ حارث رؤف نے 34 ٹی ٹوئنٹی اور 8 ون ڈے انٹرنیشنل میچز تو کھیلے ہیں، لیکن وہ بھی ٹیسٹ کیپ حاصل نہیں کر پائے۔ حسن علی اور فہیم اشرف کے زخمی ہونے کے بعد تو ان کے کھیلنے کا امکان بہت زیادہ تھا لیکن حالیہ کووِڈ-19 ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے اب وہ پانچ دن کے لیے آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

پاکستان نے ان کی جگہ نسیم شاہ کو طلب کر لیا ہے، جو پاکستان سپر لیگ میں اپنی بھرپور فارم میں نظر آئے تھے۔

ایک اطلاع کے مطابق حارث رؤف کے سوا تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور وہ اس وقت تاریخی ٹیسٹ کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ حارث پانچ دن بعد ٹیسٹ منفی آنے کی صورت ہی میں اسکواڈ جوائن کر سکتے ہیں۔

چند روز قبل حارث رؤف کی لاہور قلندرز نے پہلی بار پاکستان سپر لیگ ٹرافی اٹھائی تھی، جس میں خود حارث کا کردار بھی نمایاں تھا۔

آسٹریلیا 24 سال بعد پہلی بار پاکستان کے دورے پر آیا ہے، جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہ سیریز پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے مکمل طور پر کھول دے گی۔ پاکستان میں حالیہ چند سالوں میں سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ میچز کھیلے تھے اور آسٹریلیا کا آنا اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 4 مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جس کے بعد 12 مارچ سے کراچی اور 21 مارچ سے لاہور میں تیسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں بعد ازاں تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلیں گی۔

آسٹریلیا کا دورۂ پاکستان 2022ء

بمقابلہ بمقام بتاریخ
پاکستان پہلا ٹیسٹ آسٹریلیا راولپنڈی ‏4 تا 8 مارچ 2022ء
پاکستان دوسرا ٹیسٹ آسٹریلیا کراچی ‏12 تا 16 مارچ 2022ء
پاکستان تیسرا ٹیسٹ آسٹریلیا لاہور ‏21 تا 25 مارچ 2022ء
پاکستان پہلا ون ڈے آسٹریلیا راولپنڈی ‏29 مارچ 2022ء
پاکستان دوسرا ون ڈے آسٹریلیا راولپنڈی ‏31 مارچ 2022ء
پاکستان تیسرا ون ڈے آسٹریلیا راولپنڈی ‏2 اپریل 2022ء
پاکستان واحد ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا راولپنڈی ‏5 اپریل 2022ء

ابتدائی ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے جس 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، اس میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ اظہر علی، افتخار احمد، امام الحق، زاہد محمود، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود، شاہین آفریدی، عبد اللہ شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور نعمان علی شامل ہیں۔ دیکھتے ہیں ان میں سے کون سے کھلاڑی فائنل الیون میں جگہ پاتے ہیں۔