[آج کا دن] میں نے ڈھاکا ابھرتے دیکھا

وہ دو چھکے جنہوں نے شاہد آفریدی کو لافانی حیثیت دی

0 967

ٹھیک 8 سال پہلے کا وہ لمحہ آج بھی بخوبی یاد ہے، وہ ایک لحظہ کہ جب شاہد آفریدی کے بلّا گھماتے ہی کیمرے نے آسمان کا رخ کیا تھا۔ رمیز راجا کی آواز گونجی That’s up in the air، دل اچھل کر حلق میں آ گیا۔ ایک لمحے کی خاموشی گویا صدیوں کا انتظار تھی کہ جس کے بعد دوسرا فاتحانہ صدا ابھریand it’s six, Shahid Afridi you beauty!

اُس لمحے کو، اُس احساس کو، اُس جذبے، اُس کیفیت کو الفاظ میں بیان نہیں جا سکتا، وہ صرف محسوس کرنے والی چیز تھی۔ ایک ایسا لمحہ جو شاید مرتے دم تک کبھی نہ بھول سکیں۔

پاک-بھارت مقابلہ ہو، وہ بھی ڈھاکا میں تو جذبات ویسے ہی عروج پر ہوتے ہیں۔ نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ خود بنگلہ دیش میں بھی۔ میدان میں پاکستان کے حامیوں کی اکثریت دیکھ کر ویسے ہی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں لیکن اس دن، 2 مارچ 2014ء کے دن کچھ خاص ہی تھا۔ وہ دن جب ہم نے ڈھاکا ڈوبتے نہیں بلکہ "ڈھاکا ابھرتے دیکھا" ۔

یہ ایشیا کپ 2014ء کا ایک گروپ میچ تھا، لیکن تھا فائنل سے بھی زیادہ اہم اور بڑا مقابلہ۔ پاکستان 246 رنز کے تعاقب میں 15 ویں اوور میں ہی ایک وکٹ پر 93 رنز تک پہنچ چکا تھا۔ معاملات قابو میں لگتے تھے لیکن پاکستان کے بارے میں پہلے سے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ تھوڑی ہی دیر بعد 113 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ محمد حفیظ کے 117 گیندوں پر 75 رنز اور صہیب مقصود کے 38 رنز کی بدولت ایک مرتبہ پھر میچ گرفت میں آیا لیکن آخر اس میچ نے امر بھی تو ہونا تھا؟ اس لیے سنسنی خیزی کے آخری مراحل تک گیا۔

پاکستان کو پانچ اوورز میں 43 رنز کی ضرورت تھی اور کریز پر کوئی ٹکتا ہوا نظر نہیں آ رہا تھا۔ عمر گل، محمد طلحہ اور ان کے بعد سعید اجمل صفر پر آؤٹ ہونے پر تو معاملہ آخری اوور میں آخری وکٹ تک جا پہنچا۔

یہاں پاکستان کو 10 رنز کی ضرورت تھی اور سامنا کر رہے تھے جنید خان جنہوں نے وہ تاریخی 'سنگل' لیا جس کی بدولت "لالا" اسٹرائیک پر آئے۔ پھر وہی ہوا جس کی صرف شاہد آفریدی سے ہی توقع کی جا سکتی تھی، انہوں نے بالکل انتظار نہیں کیا اور اگلی دونوں گیندوں پر ہی چھکے لگا کر میچ کا فیصلہ کر دیا۔

پاکستان میں ایک پرانی نسل ہے جو جاوید میانداد کے اُس چھکے کو یاد کرتی ہے جو انہوں نے آسٹریلیشیا کپ 1986ء کے فائنل میں چیتن شرما کو لگایا تھا۔ اب وہ نئی نسل ہے جس کے اعصاب پر شاہد آفریدی کے یہ دو چھکے سوار ہیں۔ ان دو چھکوں نے شاہد آفریدی کو ایک لا فانی حیثیت دے دی ہے۔

اس تاریخی مقابلے کا مکمل اسکور کارڈ

ایشیا کپ 2014ء، چھٹا میچ

پاکستان بمقابلہ بھارت 

تاریخ: 2 مارچ 2014ء

بمقام: شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میر پور، ڈھاکا، بنگلہ دیش

ٹاس: پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا 

نتیجہ: پاکستان 1 وکٹ سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: محمد حفیظ

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
روہت شرما کیچ حفیظ بولڈ طلحہ 56 58 7 2
شیکھر دھاون ایل بی ڈبلیو حفیظ 10 13 2 0
ویراٹ کوہلی کیچ عمر اکمل بولڈ عمر گل 5 11 0 0
اجنکیا رہانے کیچ حفیظ بولڈ طلحہ 23 50 3 0
امباتی رایوڈو کیچ متبادل (انور علی) بولڈ اجمل 58 62 4 1
دنیش کارتک کیچ اجمل بولڈ حفیظ 23 46 1 0
رویندر جدیجا ناٹ آؤٹ 52 49 4 2
روی چندر آشوِن اسٹمپ عمر اکمل ب اجمل 9 7 2 0
محمد شمیع کیچ صہیب بولڈ اجمل 0 3 0 0
امیت مشرا ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ‏3 لیگ بائے، 5 وائیڈ 8
مجموعہ ‏50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245

 

پاکستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
محمد حفیظ 9 0 38 2
عمر گل 9 0 60 1
جنید خان 7 0 44 0
شاہد آفریدی 8 0 38 0
محمد طلحہ 7 1 22 2
سعید اجمل 10 0 40 3

 

پاکستان (ہدف: 246 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
شرجیل خان بولڈ آشون 25 30 3 1
احمد شہزاد کیچ آشون بولڈ مشرا 42 44 6 0
محمد حفیظ کیچ کمار بولڈ آشون 75 117 3 2
مصباح الحق رن آؤٹ (جدیجا/مشرا) 1 4 0 0
عمر اکمل کیچ جدیجا بولڈ مشرا 4 17 0 0
صہیب مقصود رن آؤٹ (کارتک/آشون) 38 53 2 1
شاہد آفریدی ناٹ آؤٹ 34 18 2 3
عمر گل کیچ رہانے بولڈ کمار 12 12 0 1
محمد طلحہ کیچ جدیجا بولڈ کمار 0 1 0 0
سعید اجمل بولڈ آشون 0 1 0 0
جنید خان ناٹ آؤٹ 1 1 0 0
فاضل رنز ‏11 لیگ بائیز، 6 وائیڈز 17
مجموعہ ‏49.4 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249

 

بھارت (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
بھوونیشوَر کمار 10 0 56 2
محمد شمیع 10 0 49 0
روی چندر آشوِن 9.4 0 44 3
رویندر جدیجا 10 1 61 0
امیت مشرا 10 0 28 2