[ریکارڈز] ویراٹ کوہلی کا 100 واں ٹیسٹ

کوہلی ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرنے والے 12 ویں بھارتی بن گئے ہیں

0 1,000

پاکستان اور آسٹریلیا کے تاریخی ٹیسٹ کے ہنگامے میں شاید آپ بھول رہے ہیں کہ آج ہی سے بھارت اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ بھی شروع ہو رہا ہے۔ اس مقابلے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ بھارت کے ویراٹ کوہلی کا 100 واں ٹیسٹ میچ ہے۔

کوہلی بھارت کے 12 ویں کھلاڑی بن چکے ہیں کہ جنہیں ٹیسٹ میچز کی سنچری کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ ان سے پہلے 11 ایسے بھارتی ہیں جو اس سنگِ میل کو عبور کر چکے ہیں، جن میں سب سے آگے سچن تنڈولکر ہیں جن کے کیریئر میں ریکارڈ 200 ٹیسٹ میچز ہیں۔ انہی کے ہم زمانہ راہُل ڈریوڈ 163 ٹیسٹ میچز کے ساتھ دوسرے جبکہ وی وی ایس لکشمن 134 ٹیسٹ میچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی

ملک دور میچز
سچن تنڈولکر بھارت 1989-2013ء 200
راہُل ڈریوڈ بھارت 1996-2012ء 163
وی وی ایس لکشمن بھارت 1996-2012ء 134
انیل کمبلے بھارت 1990-2008ء 132
کپل دیو بھارت 1978-1994ء 131
سنیل گاوسکر بھارت 1971-1987ء 125
دلیپ وینگسارکر بھارت 1976-1992ء 116
سارو گانگلی بھارت 1996-2008ء 113
ایشانت شرما بھارت 2007-2021ء 105
ہربھجن سنگھ بھارت 1998-2015ء 103
وریندر سہواگ بھارت 2001-2013ء 103
ویراٹ کوہلی بھارت 2011-2022ء 100

ویراٹ کوہلی کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز جون 2011ء میں دورۂ ویسٹ انڈیز سے ہوا تھا اور اب تک وہ 99 ٹیسٹ میچز میں 50.39 کے اوسط کے ساتھ 7,962 رنز بنا چکے ہیں یعنی اپنے 100 ویں ٹیسٹ میں انہیں 8 ہزار رنز پورے کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ 254 رنز کی بہترین اننگز کے ساتھ کوہلی نے 27 ٹیسٹ سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں جبکہ 100 کیچ بھی ان کے ریکارڈ پر موجود ہیں۔

ویراٹ کوہلی کا ٹیسٹ کیریئر

میچز رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
ویراٹ کوہلی 99 7692 254* 50.39 27 28

ویسے بھارت کے جو کھلاڑی 100 ٹیسٹ میچز کے بہت قریب پہنچنے کے باوجود یہ سنچری مکمل نہ کر سکے، ان میں سب سے نمایاں محمد اظہر الدین ہیں۔ سابق بھارتی کپتان کا کیریئر 99 ٹیسٹ میچز پر مشتمل تھا جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ظہیر خان 92 ٹیسٹ اور مہندر سنگھ دھونی 90 ٹیسٹ شامل ہیں۔

تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والوں میں سچن کے بعد انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن کا نام آتا ہے جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور اسٹیو واہ تیسرے نمبر پر ہیں۔ باقی کھلاڑیوں کی فہرست یہ رہی:

بھارت کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی

ملک دور میچز
سچن تنڈولکر بھارت 1989-2013ء 200
جیمز اینڈرسن انگلینڈ 2003-2022ء 169
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 1995-2012ء 168
اسٹیو واہ آسٹریلیا 1985-2004ء 168
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 1995-2013ء 166
شیونرائن چندرپال ویسٹ انڈیز 1994-2015ء 164
راہُل ڈریوڈ بھارت 1996-2012ء 164
ایلسٹر کک انگلینڈ 2006-2018ء 161
ایلن بارڈر آسٹریلیا 1978-1994ء 156
اسٹورٹ براڈ انگلینڈ 2007-2022ء 152