اندوہناک خبر! شین وارن چل بسے
وارن کی عمر صرف 52 سال تھی
آسٹریلیا کے عظیم لیگ اسپن باؤلر شین وارن اچانک وفات پا گئے ہیں۔
'فوکس کرکٹ' نے اطلاع دی ہے کہ شبہ ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔
BREAKING
Australia cricket legend, Shane Warne, dies of ‘suspected heart attack’, aged 52.
Details: https://t.co/Q83t5FWzTb pic.twitter.com/YtQkY8Ir8p
— Fox Cricket (@FoxCricket) March 4, 2022
وارن کی عمر صرف 52 سال تھی اور آجکل تھائی لینڈ میں مقیم تھے۔
موت سے چند گھنٹے پہلے ہی انہوں نے سابق آسٹریلوی کھلاڑی روڈنی مارش کی وفات کی خبر پر ٹوئٹ کیا تھا۔ جس میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا، اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لیے دعائیہ کلمات بھی ادا کیے تھے۔
Sad to hear the news that Rod Marsh has passed. He was a legend of our great game & an inspiration to so many young boys & girls. Rod cared deeply about cricket & gave so much-especially to Australia & England players. Sending lots & lots of love to Ros & the family. RIP mate❤️
— Shane Warne (@ShaneWarne) March 4, 2022
لیکن کچھ گھنٹوں بعد وہ اپنی قیام گاہ میں بے سدھ پائے گئے اور طبّی عملے کی تمام تر کوشش کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔
تاریخ کے عظیم ترین اسپنرز میں شمار ہونے والے شین وارن 13 ستمبر 1969ء کو پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 145 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 708 وکٹیں حاصل کیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باؤلر تھے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس ایک سال میں سب سے زیادہ 96 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی ہے۔
وارن نے 1992ء سے 2007ء تک پھیلے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر 1,001 وکٹیں حاصل کیں۔
لیگ اسپن کے فن کو دوبارہ زندہ کرنے کے جس عمل کا آغاز عبد القادر نے کیا تھا، اسے شین وارن نے عروج پر پہنچایا۔ 1993ء میں اپنے کیریئر کے اوائل میں انہوں نے اس گیند کے ذریعے شہرت پائی جو آج 'بال آف دی سنچری' کہلاتی ہے یعنی صدی کی بہترین گیند۔ ایک ناقابلِ یقین گیند پر مائیک گیٹنگ کا کلین بولڈ دنیا آج بھی نہیں بھولی۔
معروف جریدے 'وزڈن' نے انہیں پچھلی صدی کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا تھا۔
وارن ہمیشہ سرخیوں میں رہتے تھے۔ کبھی اپنی کارکردگی کی بدولت، کبھی فکسنگ کے الزامات کی وجہ سے، کبھی منشیات اور ممنوعہ ادویات کے استعمال پر تو کبھی اپنے ازدواجی معاملات کی وجہ سے۔ لیکن اس کا اندازہ کسی کو نہیں ہوگا کہ وارن کی موت کی خبر بھی اتنی ہی ہنگامہ خیز ہوگی۔
پاکستانی انہیں کبھی نہیں بھول سکتے کیونکہ انہی کی وجہ سے پاکستان 1999ء میں دوسری مرتبہ ورلڈ کپ نہیں جیت پایا تھا اور فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھائی تھی۔