ویمنز ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی شاندار کامیابیاں

بنگلہ دیش اور انگلینڈ تمام تر کوشش کے باوجود جیت نہ پائے

0 993

ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے روز دو مقابلے کھیلے گئے جن میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پہلے کھیلے گئے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو ہرایا۔ اس میچ میں ٹاس بنگلہ دیش نے جیتا اور پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مریزان کاپ کے 42، لارا ولوارٹ کے 41 اور دن کے دونوں چھکے لگانے والی کلو ٹرایون کی 39 رنز کی اننگز کی بدولت 207 رنز بنائے اور پوری ٹیم آخری اوور میں آل آؤٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب تو بہترین انداز میں شروع کیا لیکن مڈل آرڈر دھوکا دے گیا۔ شمیمہ سلطانہ اور شرمین اختر نے 69 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یہاں آیابونگا کھاکا نے میچ کا نقشہ ہی پلٹ دیا۔ ان کے دو اوورز میں نہ صرف دونوں سیٹ بلے باز آؤٹ ہوئیں بلکہ فرغانہ حق کا رن آؤٹ بھی ہو گیا۔ رومانہ احمد اور کپتان نگار سلطانہ نے حالات کو سنبھالنے کی آخری کوشش کی لیکن صورت حال ان کے ہاتھوں سے نکلتی چلی گئی۔ یہاں تک کہ 47 ویں اوور کی آخری گیند پر نگار بھی رن آؤٹ ہو گئیں۔ آخری چار اوورز میں 38 رنز بنانے والا کوئی نہیں تھا اور آخری اوور میں پوری ٹیم 175 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کھاکا نے کمال کی باؤلنگ کی اور اپنے 10 اوورز میں سے 3 میڈن پھینکے اور صرف 32 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کی بنیاد پر وہ پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائیں۔ دو کھلاڑیوں کو مساباتا کلاس نے آؤٹ کیا۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء

میچ نمبر 2

جنوبی افریقہ ویمنز

‏207/10

‏49.5 اوورز

جنوبی افریقہ 32 رنز سے جیت گیا

پلیئر آف دی میچ: آیابونگا کھاکا

بنگلہ دیش ویمنز

175/10

‏49.3 اوورز

‏32 رنز کی کامیابی جنوبی افریقہ کا سانس بحال ہو گیا ہوگا۔ اب انہیں اگلے میچز میں مزید بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی خاص طور پر بلے بازی کے شعبے میں۔

بہرحال، اس کے بعد دن کا سب سے بڑا مقابلہ کھیلا گیا، آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ، وہ ٹیمیں جو ہمیشہ ویمنز ورلڈ کپ میں فیورٹ ہوتی ہیں۔ یہ ہائی-اسکورنگ میچ سنسنی خیز مرحلے تک بھی پہنچا اور بالآخر آسٹریلیا کی 12 رنز سے کامیابی پر مکمل ہوا۔

انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد آسٹریلیا نے ریچل ہینز کی 130 اور کپتان میگ لیننگ کی 86 رنز کی اننگز کی بدولت صرف 3 وکٹوں پر 310 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا نے آخری 7 اوورز می 79 رنز کا اضافہ کیا۔ بعد میں یہی مرحلہ فیصلہ کُن ثابت ہوا۔

جواب میں انگلینڈ کو آغاز ہی میں دھچکا لگا جب پہلے اوور میں ہی لورین ونفیلڈ-ہل صفر پر آؤٹ ہو گئیں۔ ان کے بعد ٹیمی بیومونٹ اور کپتان ہیدر نائٹ نے میدان سنبھالا اور 92 رنز کی شراکت داری کے ذریعے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئی۔ نائٹ 400 رنز پر آؤٹ ہوئی جبکہ ٹیمی نے 82 گیندوں پر 74 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

نیٹ سائیور نے یہاں ایک شاندار اننگز کھیلی، لیکن بد قسمتی سے وہ انگلینڈ کو کامیابی نہ دلا سکیں۔ انہوں نے 85 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔ آخر میں سوفیا ڈنکلی نے 28 اور کیتھرین برنٹ نے 25 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

آخری تین اوورز میں انگلینڈ کو 36 رنز درکار تھے، لیکن سائیور زندگی ملنے کے باوجود ہدف تک نہیں پہنچ پائیں۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء

میچ نمبر 3

آسٹریلیا ویمنز

‏310/3

‏50 اوورز

آسٹریلیا 12 رنز سے جیت گیا

پلیئر آف دی میچ: ریچل ہینز

انگلینڈ ویمنز

298/8

‏50 اوورز

دلچسپ بات یہ ہے کہ 49 اوورز کے بعد دونوں ٹیموں کا اسکور 295 تھا، لیکن یہاں آسٹریلیا ایلیسا پیری کے آخری اوور میں لوٹے گئے 14 رنز فرق ثابت ہوئے جبکہ انگلینڈ کی بلے باز اس اوور میں صرف 3 رنز بنا پائیں۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء کا سب سے بڑا مقابلہ اب کل کھیلا جائے گا۔ آپ بالکل ٹھیک سمجھے ہیں پاکستان بمقابلہ بھارت۔ کاغذ پر تو دونوں ٹیموں کا کوئی مقابلہ نہیں۔ بھارت بہت مضبوط ہے، پچھلے ورلڈ کپ میں تو فائنل تک بھی پہنچا تھا لیکن اس وقت وہ اچھی فارم میں نہیں ہے۔ گزشتہ ایک سال میں وہ 16 میچز میں سے صرف 4 جیتا ہے۔ اس لیے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے پاس ایک موہوم سی امید ضرور ہے۔ پاکستان نے ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے نیوزی لینڈ کو وارم اپ میں بھی شکست دی اور گزشتہ ایک سال کے دوران ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کو بھی ان کے ملکوں میں میچز ہرا چکا ہے۔ اس لیے مقابلہ تو ہونا چاہیے!