ویمنز ورلڈ کپ، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں پھر شکست

پاکستان ورلڈ کپ میں مسلسل 11 ویں مرتبہ بھارت سے ہار گیا

0 1,000

پاکستان اور بھارت ویمنز ورلڈ کپ میں 11 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں اور ہر بار پاکستان کے نصیب میں شکست ہی آئی ہے۔

نیوزی لینڈ میں جاری ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت دونوں نے اپنی مہم کا آغاز اس مقابلے سے کیا جس میں وہ لمحہ دیکھنے کے قابل تھا جب پاکستان نے صرف 18 رنز کے اضافے پر بھارت کی پانچ وکٹیں حاصل کر لی تھیں۔ یہ مرحلہ میچ کا نقشہ بدل سکتا تھا اور بدلا بھی، لیکن بھارت کے حق میں کیونکہ اس کے بعد پوجا وستراکر اور سنے رانا کی سنچری شراکت داری نے بھارت کو ایسی بالادستی دلائی کہ پھر ایک لمحے کے لیے بھی میچ اس کی گرفت سے نہیں نکل سکا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 22 ویں اوور تک 96 رنز تک صرف 1 وکٹ ہی گری تھی۔ یہاں وہ لمحہ آیا جس نے سنسنی پھیلا دی۔ پاکستانی باؤلرز نے صرف 18 رنز کے اضافے سے بھارت کی پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کر دیا۔ اسکور 96 رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے 114 رنز پر چھ وکٹ تک پہنچ گیا۔ ان میں سمرتی مندھانا (52 رنز) اور دیپتی شرما (40 رنز) جیسی سیٹ بلے باز بھی شامل تھیں۔

ابھی کل ہی تو ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا، کیا پھر کوئی اپ سیٹ ہونے والا تھا؟ اس کے تمام تر امکانات کا خاتمہ کیا بھارت کی اگلی جوڑی نے۔ سنے رانا اور پوجا وستراکر نے ساتویں وکٹ پر 122 رنز کی شراکت داری کی۔ دونوں نے آخری اوور تک پاکستان کو مزید کوئی وکٹ نہیں دی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ 122 رنز صرف 16 اوورز میں بنے، یعنی دونوں کی رنز بنانے کی رفتار بھی خوب تھی۔ رانا 48 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ پوجا 59 گیندوں پر 67 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئیں۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور نشرح سندھو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ باقی تین باؤلرز ڈیانا بیگ، انعم امین اور فاطمہ ثنا کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

بہرحال، بھارت مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بنا چکا تھا، جو جیت کے لیے کافی سے زیادہ تھے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ک آغاز ہی مایوس کُن تھا۔ اوپنرز نے 11 اوورز میں صرف 28 رنز بنائے اور پھر بھی وکٹ نہیں بچا پائیں۔ اوپنر سدرا امین کے 64 گیندوں پر 30 رنز کے بعد 70 رنز تک پہنچتے پہنچتے آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔

اب صرف یہ طے ہونا باقی تھا کہ پاکستان کتنے رنز سے ہارے گا اور بالآخر 43 ویں اوور کی آخری گیند پر یہ فیصلہ بھی ہو گیا۔ ٹیم پاکستان 137 رنز پر ڈھیر ہوئی اور بھارت 107 رنز سے جیت گیا۔

بھارت کی جانب سے راجیشوری گائیکواڈ نے 31 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ پوجا وستراکر کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء

میچ نمبر 4

پاکستان ویمنز

‏137/10

‏43 اوورز

بھارت 107 رنز سے جیت گیا

پلیئر آف دی میچ: پوجا وستراکر

بھارت ویمنز

244/7

‏50 اوورز

پاکستان کا اگلا مقابلہ منگل کو آسٹریلیا کے خلاف ہے جس کے بعد ٹیم جمعہ 11 مارچ کو جنوبی افریقہ سے کھیلے گی۔