پاک-زمبابوے سیریز کا آغاز یکم ستمبرسے ہوگا

1 1,025

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا آغاز یکم ستمبر سے ہوگا جس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ 25 جولائی سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے. دورے میں ایک ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے.

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز ستمبر میں ہوگی

زمبابوے کرکٹ یونین کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان دورۂ زمبابوے کے دوران واحد ٹیسٹ یکم سے 5 ستمبر تک کوئنز اسپورٹس کلب، بولاوایو میں کھیلے گا جبکہ تین ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے بالترتیب 8، 11 اور 14 کو کھیلے جائیں گے. پہلا ایک روزہ مقابلہ بولاوایو میں جبکہ باقی دونوں ایک روزہ میچز ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے میں کھیلے جائیں گے۔ دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی ہرارے کے اسی میدان میں 16 اور 18 ستمبر کو کھیلے جائیں گے.

زمبابوے کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 25 جولائی سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی، لاہور میں شروع ہوگا. رمضان المبارک کی آمد کے باعث کیمپ کا دورانیہ کم کر دیا گیا ہےجس کی ایک وجہ کوچ وقار یونس کی آسٹریلیا سے واپسی میں تاخیر بھی ہے. پاکستان ٹیم کے بالنگ کوچ آج (جمعرات کو) وطن واپس پہنچ رہے ہیں. کیمپ میں معاون کوچ عاقب جاوید وقار یونس کے ساتھ کھلاڑیوں کی تربیت میں حصہ لیں گے۔

زمبابوے کی ٹیم ایک طویل عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آرہی ہے اور پاکستان سے کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ اسٹیٹس دوبارہ حاصل کرنے کے بعد زمبابوے کا دوسرا میچ ہوگا. اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم ماہ اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی. واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ یونین نے پاکستان کے خلاف سیریز کا شیڈول اس ہدایت کے ساتھ جاری کیا ہے کہ میچز کی تاریخیں ابھی مصدقہ نہیں ہیں.

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین اب تک 15 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جس میں 8 پاکستان اور 2 زمبابوے نے جیتے جبکہ 5 ٹیسٹ میچ بغیر کسی مقابلے کے ختم ہوئے. دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ نومبر 2002ء میں کھیلا گیا جس کی میزبانی کوئنز اسپورٹس کلب، بولاوایو، زمبابوے نے کی. جبکہ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں دونوں ٹیموں کا آخری ٹاکرا عالمی کپ 2011ء میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی.