خصوصی انٹرویو: پیشکش کی گئی تو کوچنگ کو چیلنج سمجھ کر قبول کروں گا، محسن خان

پاکستان کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے کہا ہے کہ اگر انہیں قومی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوچنگ کی پیشکش کی گئی تو وہ سلیکشن کی طرح کوچنگ کو بھی چیلنج سمجھ کر قبول کرلیں گے۔

کرک نامہ سے خصوصی گفتگو میں محسن خان نے کہا کہ چیف سلیکٹر بننے سے پہلے وہ کوچنگ اور سلیکشن کے دو عہدے اپنانے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن بعد میں پی سی بی کے کہنے پر سلیکٹر کا عہدہ قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اوپنر اور ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی کوچنگ میں اب بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور اگر اُنہیں پیشکش کی گئی تو وہ بیٹنگ کوچ کا عہدہ بخوشی قبول کریں گے۔
محسن خان نے کہا کہ لاہور میں جاری فاسٹ ٹریک کوچنگ پروگرام میں انہوں نے چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کی خواہش پر بلے بازوں کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بلے بازوں میں بہت صلاحیت موجود ہے لیکن جس طرح ہیرے کو تراش کر مزید خوبصورت بنایا جاتا ہے اسی طرح بلے بازوں کی بھی تکنیک کو بہتر بنا کر ان کی کارکردگی کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی سی اے) کے ٹیم ٹرائلز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بطور چیف سلیکٹر کراچی کی ٹیم کے ٹرائلز کرکے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ کراچی نے ہمیشہ بہترین کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور اب بھی کراچی کے کرکٹرز میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے۔
48 ٹیسٹ اور 75 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محسن حسن خان اپنی شاندار بلے بازی کے باعث پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔
ابھی حال ہی میں پاکستان کے دورۂ ویسٹ انڈیز کے موقع پر ٹیم سلیکشن پر محسن خان اور بورڈ کے درمیان ٹیم سلیکشن پر شدید تنازع پیدا ہو گیا تھا اور بات استعفے تک پہنچ گئی تھی لیکن بعد ازاں معاملات طے پا گئے۔ اب محسن خان بورڈ کے ساتھ اچھے تعلقات کا لطف اٹھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔