نیوزی لینڈ چھا گیا، بھارت عرش سے فرش پر

0 742

ویمنز ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ نے بھارت کو سیریز میں ‏4-1 کی واضح شکست دی تھی اور اب ورلڈ کپ میں بھی اپنی بالا دستی ثابت کر کے دکھا دی ہے۔ روایتی حریف پاکستان کے خلاف پہلا مقابلہ جیت کر آنے والا بھارت 62 رنز سے بُری طرح ہار بیٹھا ہے۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ اب نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ چکا ہے۔

ویسے میزبان نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کا آغاز ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ایک مایوس کُن شکست سے کیا تھا، اب مسلسل دو کامیابیوں کے ساتھ دوڑ میں واپس آ چکا ہے۔

ہملٹن میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارت کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد نیوزی لینڈ نے 11 اوورز میں 54 رنز کا اچھا آغاز پایا البتہ کپتان سوفی ڈیوائن سمیت دو وکٹوں سے ضرور محروم ہوا۔ یہاں پر امیلیا کیر اور ایمی سیٹرٹویٹ نے ایک مرتبہ پھر میدان سنبھالا اور اگلے 11 اوورز میں 67 رنز کا اضافہ کر کے بھارت کو مقابلے کی دوڑ سے ایسا باہر کیا کہ وہ آخر تک دوبارہ واپس نہیں آ سکا۔ امیلیا 64 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

دوسرے اینڈ سے ایمی سیٹرٹویٹ کی شاندار بلے بازی جاری رہے۔ انہوں نے 84 گیندوں پر 75 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی اور اُس وقت آؤٹ ہوئیں جب نیوزی لینڈ 224 رنز پر پہنچ چکا تھا۔ یہاں 45، 67، 54 اور 49 رنز کی مسلسل چار شراکت داریاں قائم ہوئیں اور نیوزی لینڈ میچ پر مکمل طور پر چھا گیا۔

آخر میں وکٹ کیپر کیٹی مارٹن کے 41 رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ 260 رنز تک پہنچ گیا جو بھارت کے لیے کافی سے زیادہ تھے۔ ویسے نیوزی لینڈ کی اننگز آخری مراحل میں اس تیزی سے آگے نہیں بڑھ پائی، جیسا اسے بڑھنا چاہیے تھی۔ بھارت کی فیلڈنگ تو بہت ناقص رہی لیکن لیکن ڈیتھ اوورز میں باؤلنگ بہت عمدہ نظر آئی۔ خاص طور پر پوجا وستراکر کے یارکرز دیکھنے کے لائق تھے۔

بہرحال، 261 رنز کا ہدف بھارت کی پہنچ سے بہت دُور تھا۔ پھونک پھونک کر قدم رکھنے کے باوجود بھارت وکٹیں نہیں بچا پایا اور 10 اوورز میں صرف 26 رنز کے ساتھ دو وکٹیں گر چکی تھیں۔ بھارت کی طرف سے واحد مزاحمت ہرمن پریت کور نے کی جنہوں نے 63 گیندوں پر 71 رنز کی بہت عمدہ اننگز کھیلی۔ کپتان مٹھالی راج نے 56 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ بھارت کی اننگز 47 ویں اوور میں 198 رنز پر ہی تمام ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لی تاہوہو اور امیلیا کیر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ایمی سیٹرٹویٹ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 8

نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت

نتیجہ: نیوزی لینڈ 62 رنز سے جیت گیا

نیوزی لینڈ🏆260/9
ایمی سیٹرٹویٹ75 رنز84 گیندیں
امیلیا کیر50 رنز64 گیندیں
بھارت باؤلنگامرو
پوجا وستراکر100364
راجیشوَری گائیکواڈ100462
بھارت 198/10
ہرمن پریت کور71 رنز63 گیندیں
مٹھالی راج31 رنز56 گیندیں
نیوزی لینڈ باؤلنگامرو
لی تاہوہو102173
امیلیا کیر90563

اب پاکستان کا ایک اور امتحان ہے جو اب تک ناکامیاں ہی سمیٹ رہا ہے بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ پاکستان کا اگلا مقابلہ جمعے کو جنوبی افریقہ سے ہے۔ اگر پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنا چاہتا ہے تو اسے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔