ویسٹ انڈیز کا 'ڈریم رن' ختم، بھارت کی شاندار کامیابی

0 883

بالآخر بھارت نے ویمنز ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کے 'ڈریم رن' کا خاتمہ کر دیا ہے اور 155 رنز کی شاندار کامیابی حاصل کر کے اپنے نیٹ رن ریٹ کو بھی پر لگا دیے ہیں۔

ہملٹن میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں بھارت نے بیٹنگ بھی خوب کی اور باؤلنگ بھی۔ ایک طرف ورلڈ کپ میں اپنا سب سے بڑا اسکور 317 بنایا اور پھر ابتدائی دھچکوں سے سنبھلنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کے بخیے ادھیڑ دیے۔

میچ میں ٹاس بھارت نے جیتا اور پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ 78 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد سمرتی مندھانا اور اِن فارم ہرمن پریت کور نے کیا بہترین بلے بازی کی۔ دونوں کی سنچریوں کی بدولت بھارت ورلڈ کپ تاریخ میں اپنے سب سے بڑے اسکور 317 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

سمرتی نے 119 گیندوں پر دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے جبکہ ہرمن پریت نے ایسی ہی تیز اننگز کھیلی اور 107 گیندوں پر دو چھکوں اور 10 چوکوں کے ساتھ 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

میچ کا تقریباً آدھا فیصلہ تو یہیں ہو گیا تھا کیونکہ اتنے بڑے ہدف کا تعاقب کرنا مشکل لگتا تھا۔ لیکن ویسٹ انڈین اوپنرز کے ارادے کچھ اور ہی نظر آتے تھے۔ اوپنرز دیئندرا دوتن اور ہیلی میتھیوز میدان میں اتریں اور آتے ہی انڈین باؤلنگ پر پل پڑیں۔ 12 اوورز ہی میں انہوں نے اسکور کو 100 رنز تک پہنچا دیا، وہ بھی بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے۔

یہاں بھارت نے اپنے حواس کو قابو میں رکھا لیکن ایسی صورت حال میں اچھی بھلی ٹیم کے ہاتھ پیر پھول جاتے ہیں۔ بالآخر سنے رانا نجات دہندہ بن کر آئیں۔ انہوں نے 46 گیندوں پر 62 رنز بنانے والی دوتن کو آؤٹ کیا اور اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کا بُرا وقت شروع ہو گیا۔ وکٹیں ایسی گرتی چلی گئیں کہ کوئی روکنے والا نظر نہیں آتا تھا۔ کہاں 100 رنز پر ایک وکٹ بھی نہیں گری تھی اور کہاں پوری ٹیم 162 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یعنی صرف 62 رنز کے اضافے سے تمام 10 وکٹیں گئیں۔

دوتن کے بعد ساتھی اوپنر ہیلی میتھیوز 43 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں ترین بلے باز رہیں۔ دونوں کو سنے رانا نے آؤٹ کیا اور ان کے بعد اگلی وکٹوں پر میگھنا سنگھ نے ہاتھ صاف کیے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 41 ویں اوور میں 162 رنز پر آل آؤٹ ہو کر بھارت کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن اور نیٹ رن ریٹ میں زبردست اضافہ دے کر گئی۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 10

بھارت بمقابلہ ویسٹ انڈیز

نتیجہ: بھارت 155 رنز سے جیت گیا

بھارت 🏆225/6
سمرتی مندھانا123119
ہرمن پریت کور109107
ویسٹ انڈیز باؤلنگامرو
انیسہ محمد90592
آلیا ایلینے40261
ویسٹ انڈیز 225/6
دیئندرا دوتن6246
ہیلی میتھیوز4336
بھارت باؤلنگامرو
سنے رانا9.31223
میگھنا سنگھ60272

ویسے پوائنٹس ٹیبل دیکھیں تو بڑا ہی دلچسپ نظر آ رہا ہے۔ ٹاپ پر موجود پانچوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہیں۔ بلکہ یا تو کسی ٹیم کے 4 پوائنٹس ہیں یا کوئی پوائنٹ سرے سے ہے ہی نہیں۔ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اپنے دونوں میچز جیت چکے ہیں جبکہ بھارت، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز نے تین میچز میں دو، دو کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ، بنگلہ دیش اور پاکستان اب تک تمام میچز ہارے ہیں اور یوں صفر پر کھڑے ہیں۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء - پوائنٹس ٹیبل

میچزجیتےہارےپوائنٹسنیٹ رن ریٹ
بھارت32141.333
آسٹریلیا22041.061
نیوزی لینڈ32140.799
جنوبی افریقہ22040.380
ویسٹ انڈیز3214‎-0.967
انگلینڈ2020‎-0.190
بنگلہ دیش2020‎-0.923
پاکستان3030‎-1.274

اب اگلا مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا ہے جبکہ پاکستان پیر 14 مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔