بونر اور ہولڈر نے میچ بچا لیا

0 966

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا پہلا ٹیسٹ بڑے اتار چڑھاؤ کے بعد بالآخر بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہو گیا۔ آخری دن انکروما بونر اور جیسن ہولڈر کی شراکت داری نے ویسٹ انڈیز کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 67 رنز پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد تقریباً 35 اوورز تک بھرپور مزاحمت کی اور میچ کو ڈرا کروا کر ہی دم لیا۔

نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری روز انگلینڈ نے ایک انوکھا فیصلہ لیتے ہوئے 349 رنز پر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی اور یوں ویسٹ انڈیز کو باقی ماندہ 71 اوورز میں 286 رنز کا ہدف دے دیا۔ میچ اب دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ ویسے ہی جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کے بغیر دورۂ ویسٹ انڈیز پر آیا ہے۔ پھر جو کسر رہ گئی وہ مارک ووڈ کے زخمی ہونے سے پوری ہو گئی۔ یعنی انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ایک قابلِ عبور ہدف دے کر بڑا جوا کھیلا تھا۔

ویسٹ انڈیز ہونٹوں پر زبان پھیرتے ہوئے میدان میں اترا لیکن جلد ہی اسے اندازہ ہو گیا کہ کھیلنا اتنا آسان نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی حکمتِ عملی جیت کی نہیں نظر آئی، 25 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 59 رنز تو یہی ظاہر کر رہے تھے۔ حالانکہ صبح کے سیشن میں انگلینڈ نے 25 اوورز میں 132 رنز کا اضافہ کر کے اننگز ڈکلیئر کی تھی۔

بہرحال، یہاں پر اچانک ویسٹ انڈیز کا اوپر کا سانس اوپر اور نیچے کا نیچے ہی رہ گیا۔ صرف 8 رنز کے اضافے سے اس کی چار وکٹیں گر گئیں۔ کریگ بریتھویٹ کو بین اسٹوکس نے ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر جیک لیچ نے پے در پے تین وکٹیں لے کر سنسنی پھیلا دی۔

یہاں پر انکروما بونر اور جیسن ہولڈر نے ذمہ داری سنبھالی اور باقی ماندہ 35 اوورز تک ویسٹ انڈیز کو مزید کسی نقصان سے بچائے رکھا۔ ان کو نئی زندگیاں بھی ملیں، مثلاً بونر نے ریویو لے کر اپنے خلاف فیصلہ واپس کروایا جبکہ ہولڈر انگلینڈ کے ریویو نہ لینے کی وجہ سے بچ گئے۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ

پہلا ٹیسٹ

‏8 سے 12 مارچ 2022ء

سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا

نتیجہ: ڈرا

مین آف دی میچ: انکروما بونر

انگلینڈ ( پہلی اننگز)311
جونی بیئرسٹو 140259جیڈن سیلز4-7922
ویسٹ انڈیز (پہلی اننگز)375
انکروما بونر123355بین اسٹوکس2-4228
انگلینڈ (دوسری اننگز)349-6
زیک کرالی121216الزاری جوزف3-7823.2
ویسٹ انڈیز (ہدف: 286رنز)147-4
انکروما بونر38138جیک لیچ3-5730.1

واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جونی بیئرسٹو کی شاندار اور اننگز بچاؤ باری کی بدولت 311 رنز بنائے تھے۔

جواب میں انکروما بونر کی بدولت ویسٹ انڈیز نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے ہوئے 375 رنز بنا ڈالے تھے۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 64 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری باری شروع کی، جس کی خاص بات تھی زیک کرالی اور جو روٹ کی 201 رنز کی شراکت۔ کرالی نے 121 رنز بنائے جبکہ جو روٹ تب تک کھیلتے رہے تک جب اسکور نے 300 کی نفسیاتی حد عبور نہیں کی۔ روٹ 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر 349 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

بونر کو دونوں اننگز میں شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

اب تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ 16 مارچ سے برج ٹاؤن، باربیڈوس میں کھیلا جائے گا۔