سری لنکا صرف 6 دن میں دونوں ٹیسٹ ہار گیا

0 529

بھارت اگر اپنی سرزمین پر کھیلے تو ویسے ہی خطرناک حریف بن جاتا ہے لیکن جب مقابلہ سری لنکا سے ہو تو خدشہ یہی تھا کہ سیریز یک طرفہ ہوگی۔ لیکن اتنی ون سائیڈڈ سیریز کی توقع کسی نے نہیں کی ہوگی۔ دو ٹیسٹ میچز صرف 6 دن میں مکمل اور بھارت ‏2-0 سے جیت گیا۔

بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں دیموتھ کرونارتنے کی سنچری مزاحمت بھی سری لنکا کو 238 رنز کی بھاری شکست سے نہیں بچا سکی اور یوں بھارت نے دونوں ٹیسٹ میچز میں با آسانی کامیابی حاصل کی۔

دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے پہلی اننگز میں صرف 252 رنز بنائے تھے لیکن لیکن جواب میں وہ سری لنکا کو محض 109 رنز پر ڈھیر کرنے میں کامیاب ہو گیا یعنی پہلی اننگز میں 143 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ لیکن اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ دوسری اننگز میں کہیں بہتر بلے بازی کے ساتھ 303 رنز بنا ڈالے۔

دودونوں اننگز میں شریاس آیر بھارت کے ٹاپ اسکورر رہے۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 98 گیندوں پر 92 رنز بنائے تھے، وہ بھی تب جب 86 رنز پر ویراٹ کوہلی سمیت 4 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ پھر دوسری باری میں انہوں نے 87 گیندوں پر 67 رنز اسکور کیے اور آخر میں مردِ میدان قرار پائے۔

بھارت بمقابلہ سری لنکا - دوسرا ٹیسٹ

ایم چناسوامی اسٹیڈیم، بنگلور، بھارت

‏12 سے 14 مارچ 2022ء

بھارت 238 رنز سے جیت گیا

بھارت (پہلی اننگز)252
شیریاس آیر9298پراوین جے وکرما3-8117.1
سری لنکا (پہلی اننگز)109
اینجلو میتھیوز4385جسپریت بمراہ5-2410
بھارت (دوسری اننگز)303-9 ڈ
شیریاس آیر6787لاستھ امبلدینیا3-8720.5
سری لنکا (ہدف: 447 رنز)208
دیموتھ کرونارتنے 107174روی چندر آشون55-419.3

سری لنکا کو 447 رنز کا ہدف ملا تھا جو مشکل تو تھا ہی لیکن پہلے ہی اوور میں لاہیرو تھریمانے کے آؤٹ ہونے سے ناممکن ہو گیا۔ سری لنکن اننگز میں واحد بڑی مزاحمت دیموتھ کرونارتنے نے کی جو 174 گیندوں تک ڈٹے رہے اور 107 رنز بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی ایک خوبصورت گیند پر کلین بولڈد ہوئے۔

کرونارتنے کی 14 ویں ٹیسٹ سنچری کے علاوہ ہمیں کوسال مینڈس صرف 60 گیندوں پر 54 رنز بھی نظر آئے۔ لیکن ان کے بعد آنے والے بلے بازوں میں سے صرف ایک ہی دہرے ہندسے میں داخل ہو سکا۔ باقی کسی کی اننگز 5 رنز سے آگے بھی نہیں بڑھ پائی۔

سری لنکا دوسری اننگز میں صرف 208 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا اور یوں ایک اور میچ تیسرے دن ہی اختتام کو پہنچا۔ آپ کو سن کر حیرت ہوگی کہ یہ 208 رنز سیریز میں سری لنکا کا سب سے بڑا اسکور تھا۔

بہرحال، دوسری اننگز میں روی چندر آشوِن نے 4 جبکہ جسپریت بمراہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شریاس آیر کو میچ جبکہ رشبھ پنت کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔