ویمنز ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو کچل کر رکھ دیا

0 603

ویسٹ انڈیز نے ویمنز ورلڈ  کپ میں دھماکے دار انٹری کی تھی لیکن نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف دو شاندار فتوحات کے بعد اب پریشانی سے دو چار ہے۔ گزشتہ مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں کراری شکست ہوئی اور اب آسٹریلیا نے تو سمجھیں کچل کر رکھ دیا ہے۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یہ کیا ہی مایوس کن فیصلہ ثابت ہوا۔ ابتدائی 10 اوورز میں صرف 34 رنز بنے اور تین کھلاڑی آؤٹ ہوئیں، جن میں اِن فارم ہیلی میتھیوز کا صفر اور کائسیا نائٹ کا گولڈن ڈک بھی شامل تھا۔

یہ آسٹریلیا کی فاسٹ باؤلر ایلیس پیری تھیں کہ جنہوں نے یہ تینوں وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز ایسا دھچکا پہنچایا کہ وہ آخر تک سنبھل نہیں سکا۔

ویسٹ انڈین کپتان اسٹیفانی ٹیلر نے 91 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کے ذریعے اپنی کوشش تو کی لیکن جس اننگز میں پانچ کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچیں، وہاں ایک بڑے اسکور کی توقع رکھنا فضول ہے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز صرف اور صرف 131 رنز پر تمام ہوئی  جو آسٹریلیا کے لیے ایک آسان ہدف تھا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایلیس پیری کے علاوہ ایشلی گارڈنر نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 14

ویسٹ انڈیز بمقابلہ آسٹریلیا

نتیجہ: آسٹریلیا 7 وکٹوں سے جیت گیا

ویسٹ انڈیز 131-10
اسٹیفانی ٹیلر 5091
شیمین کیمبل2051
آسٹریلیا باؤلنگامرو
ایلیس پیری80223
ایشلی گارڈنر101253

آسٹریلیا 🏆132-3
ریچل ہینز8395
بیتھ مونی2842
ویسٹ انڈڈیز باؤلنگامرو
چنیل ہینری50201
ہیلی میتھیوز82311

ہدف کے تعاقب میں آغاز ہی میں ایلیسا ہیلی اور کپتان میگ لیننگ آؤٹ ہو گئیں لیکن اس کے بعد معاملہ کافی حد تک سنبھل گیا۔ خاص طور پر ریچل ہینز کی 95 گیندوں پر 83 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز دیکھنے کے لائق تھی۔ بیتھ مونی نے اُن کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے چوتھی وکٹ پر 74 رنز کا اضافہ کیا ۔

یہ آسٹریلیا کی ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی کامیابی تھی جو ظاہر کرتی ہے کہ اگر کوئی ورلڈ کپ جیتنا چاہتا ہے تو اسے پہلے آسٹریلیا کو ہرا کر دکھانا ہوگا۔

مسلسل دوسری اور بہت بڑی ناکامی کے بعد اب ویسٹ انڈیز کافی پیچھے چلا گیا ہے۔ اس شکست نے نیٹ رن ریٹ کو بہت نقصان پہنچایا ہے اسی لیے وہ پوائنٹس ٹیبل پر اب پانچویں نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا تمام مقابلے جیت کر سرِ فہرست ہے۔

اب ویسٹ انڈیز کو اگلا مقابلہ بنگلہ دیش سے کھیلنا ہے جو جمعہ 18 مارچ کو ہوگا جبکہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرح اب تک فتح کے ذائقے تک سے محروم دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو بھارت کا سامنا ہے۔ ان ددنوں کے درمیان ایک زبردست مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔