کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، بالآخر انگلینڈ جیت گیا

0 653

چلیں اگر پاکستان ویمنز ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچز ہار جاتا ہے تو سمجھ بھی آتی ہے، لیکن دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو بھلا کیا ہو گیا تھا کہ اپنے تمام ابتدائی میچز ہارا؟ آسٹریلیا سے بھی، ویسٹ انڈیز اور پھر جنوبی افریقہ سے بھی؟ بہرحال، دیر آید درست آید۔ بھارت کے خلاف اہم مقابلے میں 4 وکٹوں کی کامیابی نہ صرف انگلینڈ کو مقابلے کی دوڑ میں واپس لائی ہے بلکہ ویمنز ورلڈ کپ پر پوائنٹس ٹیبل کو بھی دلچسپ بنا دیا ہے۔

ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ سنبھالی اور اپنا دوسرا ورلڈ کپ میچ کھیلنے والی چارلی ڈین کی شاندار باؤلنگ کی بدولت بھارت کو صرف 134 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ یہ پچھلے 17 سالوں میں بھارت کا کسی بھی ورلڈ کپ میچ میں سب سے کم اسکور تھا۔

بھارت کی پانچ وکٹیں تو صرف 61 رنز پر ہی گر چکی تھیں، جس کے بعد وکٹ کیپر ریچا گھوش اور تجربہ کار جھولن گوسوامی کی مزاحمت اسے تہرے ہندسے تک لائی لیکن بھارت کی اننگز 37 ویں اوور میں صرف 134 پر ہی مکمل ہو گئی۔

آف اسپنر ڈین نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں آنیا شربسول کو ملیں۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 15

انگلینڈ بمقابلہ بھارت

نتیجہ: انگلینڈ 4 وکٹوں سے جیت گیا

بھارت134-10
سمرتی مندھانا3558
ریچا گھوش3356
انگلینڈ باؤلنگامرو
چارلی ڈین8.21234
آنیا شربسول61202

انگلینڈ 🏆136-6
ہیدر نائٹ5372
نیٹ سائیور4546
بھارت باؤلنگامرو
میگھنا سنگھ7.23263
جھولن گوسوامی71211

ایک "آسان" ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ اس وقت ذرا سا لڑکھڑایا جب پہلے تین اوورز میں ہی دونوں اوپنرز آؤٹ ہو گئی تھیں۔ ڈینی وائٹ میگھنا سنگھ کی گیند آؤٹ ہوئیں تو ٹیمی بیومونٹ جھولن گوسوامی کو وکٹ دے گئیں۔

لیکن میچ میں سنسنی خیزی کے تمام امکانات کا خاتمہ کیا انگلینڈ کی کپتان ہیدر نائٹ نے، جن کی کیپٹن اننگز نے انگلینڈ کو ہمہ وقت ہدف کے تعاقب میں رکھا۔

انگلینڈ کو دھچکے ضرور پہنچے لیکن وہ مقابلے کی دوڑ سے باہر نہیں ہوا اور آخر تک میچ میں غالب ہی رہا۔ نائٹ نے پہلے نیٹ سائیور کے ساتھ مل کر اسکور کو 69 رنز تک پہنچایا اور پھر ایمی جونز کے ساتھ 100 رنز بھی اسکور کیے۔ یہاں تک کہ 32 ویں اوور کی دوسری گیند پر چوکے کے ساتھ ہی میچ کا خاتمہ ہو گیا۔

ہیدر نائٹ 72 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ میدان سے فاتحانہ واپس آئیں جبکہ سائیور نے 46 گیندوں پر 45 رنز کی بہت عمدہ اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے میگھنا سنگھ نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 26 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اب انگلینڈ کی نظریں اگلے میچز پر ہیں جن میں اسے نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہے اور ان کے خلاف فتوحات اسے سیمی فائنل تک پہنچا سکتی ہیں۔

دوسری جانب بھارت کو اگلا مقابلہ آسٹریلیا سے کھیلنا ہے جبکہ باقی ماندہ میچز میں ایک مقابلہ جنوبی افریقہ سے بھی ہے جو ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کر رہا ہے۔