پاک-آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا
آسٹریلیا کا دورۂ پاکستان کراچی ٹیسٹ کے ساتھ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔ سنسنی خیزی کی تمام حدیں پار کرتی ہوئی ٹیسٹ سیریز کا آخری مقابلہ 21 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ لیکن پاکستان نے اس کے بعد ہونے والی محدود اوورز کی سیریز کے لیے بھی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گا، جو 29 مارچ سے 5 اپریل کے درمیان منعقد ہوں گے۔
ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان نے آصف آفریدی اور محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ اسپنر آصف آفریدی نے حالیہ پاکستان سپر لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ملتان سلطانز کی کئی فتوحات میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ جاری پاکستان کپ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث نے پشاور زلمی کی جانب سے دھواں دار بلے بازی کر کے شہرت سمیٹی تھی۔ وہ بھی پاکستان کپ میں بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں۔ حارث کو اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں بھی شامل کیا گیا تھا لیکن وہ سیریز مہمان ٹیم کی اچانک وطن واپسی کی وجہ سے نہیں ہو پائی تھی۔
ان کے علاوہ ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے والے محمد نواز بھی دونوں اسکواڈز میں شامل کیے گئے ہیں جو زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ میچز نہیں کھیل پائے تھے۔ البتہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی فائنل الیون میں شمولیت ان کے فٹنس ٹیسٹ سے مشروط ہوگی۔
پاک-آسٹریلیا سیریز کے 29 مارچ سے 2 اپریل کے درمیان تین ون ڈے اور 5 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی، یہ تمام میچز راولپنڈی میں طے شدہ ہیں۔ لیکن ملک کی سیاسی صورت حال کے پیش نظر انہیں لاہور منتقل کرنے کا بھی امکان ہے۔
پاک-آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 2022ء - شیڈول
بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | ||
---|---|---|---|---|
پاکستان | پہلا ون ڈے | آسٹریلیا | راولپنڈی | 29 مارچ 2022ء |
پاکستان | دوسرا ون ڈے | آسٹریلیا | راولپنڈی | 31 مارچ 2022ء |
پاکستان | تیسرا ون ڈے | آسٹریلیا | راولپنڈی | 2 اپریل 2022ء |
پاکستان | واحد ٹی ٹوئنٹی | آسٹریلیا | راولپنڈی | 5 اپریل 2022ء |
پاکستان نے ون ڈے کے لیے 20 رکنی اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے جس 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، اس میں صرف عبد اللہ شفیق، امام الحق اور سعود شکیل کا فرق ہے جو تینوں ون ڈے اسکواڈ میں تو موجود ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی میں نہیں ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کہتے ہیں کہ آسٹریلیا مختصر فارمیٹ کی بھی اتنی ہی اچھی ٹیم ہے اس لیے ہم نے بہترین اور تجربہ کار ترین کھلاڑیوں کو منتخب کیا ہے۔ یہ چاروں میچز ورلڈ کپ 2023ء کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے بہت اہم ہیں جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی تو پچھلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد پہلا پاک-آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ہوگا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں وہ موجودہ ورلڈ چیمپیئن ہے۔ اس کے مقابلے میں پاکستان ون ڈے کی رینکنگ میں چھٹے اور ٹی ٹوئنٹی میں تیسرے نمبر پر ہے۔
ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم
بابر اعظم (کپتان)، افتخار احمد، امام الحق، آصف آفریدی، آصف علی، حارث رؤف، حسن علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، سعود شکیل، شاداب خان، شاہنواز ڈاہانی، شاہین آفریدی، عبد اللہ شفیق، عثمان قادر، فخر زمان، محمد حارث، محمد رضوان، محمد نواز اور محمد وسیم۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم
بابر اعظم (کپتان)، افتخار احمد، آصف آفریدی، آصف علی، حارث رؤف، حسن علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، شاداب خان، شاہنواز ڈاہانی، شاہین آفریدی، عثمان قادر، فخر زمان، محمد حارث، محمد رضوان، محمد نواز اور محمد وسیم۔