بھارت-انگلستان سیریز میں فتح میزبان ٹیم کو ملے گی؛ این بوتھم
ماضی کے عظیم آل راؤنڈ این بوتھم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم ہونے کے باوجود بھارت کو انگلستان کے ہاتھوں شکست کا ذائقہ چکھنا پڑے گا۔
برطانیہ کے اخبار روزنامہ 'مرر' کے لیے لکھے گئے کالم میں این بوتھم نے کہا کہ انگلستان اس سیریز میں فتح حاصل کر لے گا کیونکہ وہ اس وقت دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور یہ سیریز اس امر کی تصدیق کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر کے آخری ایام میں موجود ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں انگلستان کے کھلاڑی زیادہ نوجوان ہیں اس لیے ٹیم زیادہ طاقتور ہے۔
البتہ بوتھم نے کہا کہ گو کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں انگلستان کو جیتتے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کی خواہش یہ بھی ہے کہ دنیائے کرکٹ کے عظیم ناموں بشمول سچن ٹنڈولکر کی موجودگی میں کچھ اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ "یہ تاریخ کا 2 ہزارواں میچ ہے۔ اعداد و شمار مجھ میں ہیجان پیدا نہیں کرتے - بلکہ کھلاڑی اور ان کی کارکردگی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے اگر سچن ٹنڈولکر اس میچ میں اپنی سویں سنچری مکمل کرتے ہیں تو میں ان کو سراہوں گا، اعداد و شمار کی وجہ سے نہیں بللکہ اس لیے کیونکہ وہ ایک عظیم کھلاڑی، عظیم انسان اور کھیل کے عظیم سفیر ہیں۔"
این بوتھم نے امید ظاہر کی کہ وہ اس عظیم بلے باز کو سنچریوں کی سنچری کے اعزاز تک پہنچنے سے روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن اور کرس ٹریملٹ کا باؤلنگ اٹیک ڈیل اسٹین اور مورنی مورکل کے بعد دنیا کا سب سے خطرناک اوپننگ اٹیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دنیا کے بہترین اسپنر گریم سوان کی مدد حاصل ہوگی جبکہ متاثر کن اور بہتر سے بہتر کی تلاش میں گامزن ٹم بریسنن بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔