انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ سے تقریباً باہر کر دیا

0 574

یہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ ہے یا تاریخ کے سنسنی خیز ترین مقابلوں کے ری پلے ہیں؟ ایک سے بڑھ کر ایک مقابلہ ہے جو اس ورلڈ کپ میں نظر آ رہا ہے۔ آخری میچ میں ایک کے بعد دوسرا صدمہ سہنے کے بعد بالآخر میزبان نیوزی لینڈ اعزاز کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔ دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے ایک ہیجان خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کو صرف 1 وکٹ سے شکست دے دی۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے اس مقابلے میں انگلینڈ با آسانی ہدف کی جانب گامزن نظر آتا تھا۔ آخری 10 اوورز میں صرف 31 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔ پانچویں وکٹ پر نیٹ سائیور اور سوفیا ڈنکلی کی 70 رنز کی شراکت انہیں فتح سے صرف 28 قدم کے فاصلے پر لے آئی تھی۔

لیکن یہاں فرانسس میک کے آئیں، اور میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ ان کی باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ صرف 20 رنز کے اضافے سے پانچ وکٹوں سے محروم ہوا۔ کہاں وہ 176 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کھڑا تھا اور کہاں یہ کہ 196 رنز پر نویں وکٹ بھی گر چکی تھی۔

یہاں اگر آخری بلے باز آنیا شربسول اپنے حواس پر قابو نہ رکھتیں تو نیوزی لینڈ تو میچ لے گیا تھا۔ بہرحال، اس کامیابی کی بدولت انگلینڈ کی ورلڈ کپ مہم اب بھی زندہ ہے۔ یعنی چاہے کتنی ہی مدھم کیوں نہ ہوں، لیکن دفاعی چیمپیئن کی امیدیں برقرار تو ہیں۔

میچ میں انگلینڈ نے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو 203 رنز پر محدود کر دیا۔ وجہ تھی کیٹ کراس اور سوفی ایکلسٹن کی عمدہ باؤلنگ، جنہوں نے مل کر 6 شکار کیے۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 19

نیوزی لینڈ بمقابلہ انگلینڈ

نتیجہ: انگلینڈ 1 وکٹ سے جیت گیا

نیوزی لینڈ203
میڈی گرین52*75
سوفی ڈیوائن4148
انگلینڈ باؤلنگامرو
کیٹ کراس100353
سوفی ایکلسٹن101413

انگلینڈ 🏆204-9
نیٹ سائیور61108
ہیدر نائٹ4253
نیوزی لینڈ باؤلنگامرو
فرانسس میک کے90344
جیس کیر102362

ویسے نیوزی لینڈ کا آغاز بُرا ہر گز نہیں تھا۔ 61 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے بعد 30 اوورز میں 134 رنز تک بھی اس کے صرف دو ہی آؤٹ تھے۔ لیکن ایمی سیٹرٹویٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بلے باز میڈی گرین کا ساتھ نہیں دے پائیں۔ دوسرے اینڈ سے ایک کے بعد دوسری وکٹ گرتی چلی گئی یہاں تک کہ 203 رنز پر اننگز ہی تمام ہو گئی۔

گرین 75 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست میدان سے واپس آئیں، جبکہ کپتان سوفی ڈیوائن نے 41 رنز بنائے تھے۔

جواب میں انگلینڈ خراماں خراماں ہدف کی جانب بڑھ رہا تھا۔ 23 ویں اوور میں کپتان ہیدر نائٹ کی وکٹ گرنے سے پہلے تو دو وکٹوں پر 98 رنز بن چکے تھے۔ یہاں پر انگلینڈ کو وہ دہرا دھچکا پہنچا، جس میں نائٹ کے کچھ ہی دیر بعد ایمی جونز بھی آؤٹ ہو گئیں۔

سوفیا ڈنکلی اور نیٹ سائیور نے یہاں معاملات کو سنبھالا اور پانچویں وکٹ پر 70 رنز کی شراکت داری نے میچ کا تقریباً خاتمہ ہی کر دیا تھا۔ لیکن آخری مرحلے پر اچانک انگلینڈ کا سامنا میک کے سے ہو گیا اور اس کے ہوش اڑ گئے۔

پہلے سوفیا بولڈ ہوئیں، پھر کچھ دیر بعد جیس کیر نے نیٹ سائیور کو آؤٹ کر دیا۔ پھر میک کے نے ایک ہی اوور میں سوفی ایکلسٹن اور کیٹ کراس کی وکٹیں لے کر سنسنی پھیلا دی۔ کیتھرین برنٹ کا رن آؤٹ تو گویا اعلان تھا کہ انگلینڈ کی صفوں میں اب مکمل افراتفری ہے۔

یہاں پر آخری بلے باز آنیا شربسول نے وہ قیمتی 7 رنز بنائے، جس کی بدولت انگلینڈ 48 ویں اوور میں ہدف تک پہنچ گیا

نیوزی لینڈ کا سفر تو مکمل ہوا البتہ ان کا ایک میچ ابھی پاکستان کے خلاف باقی ہے۔ لیکن یہاں کامیابی بھی ان کے لیے کافی نہیں ہوگی۔ البتہ انگلینڈ کے ابھی دو میچز باقی ہیں، ایک تو پاکستان سے ہی ہے جبکہ دوسرا بنگلہ دیش سے ہے۔ جہاں اس کی جیت کے امکانات روشن بھی اور اچھی کامیابیاں اسے سیمی فائنل تک پہنچا بھی سکتی ہیں۔

ویمنز ورلڈ کپ 2022ء - پوائنٹس ٹیبل

میچزجیتےہارےپوائنٹسنیٹ رن ریٹ
آسٹریلیا550101.424
جنوبی افریقہ44080.226
ویسٹ انڈیز5326‎-0.930
بھارت52340.456
انگلینڈ52340.327
نیوزی لینڈ6244‎-0.229
بنگلہ دیش4132‎-0.342
پاکستان4040‎-0.996