وقار یونس باضابطہ طور پر 'پاکستان ہال آف فیم' میں شامل

0 550

پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان اور عظیم فاسٹ باؤلر وقار یونس کو باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے 'ہال آف فیم' میں شامل کر لیا گیا ہے۔

‏50 سالہ وقار یونس نے اپنے 14 سالہ کیریئر کے دوران ٹیسٹ میں 373 اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 416 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے لیے پاک-آسٹریلیا لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انہیں ہال آف فیم کی اعزازی کیپ اور ساتھ ہی ایک خوبصورت لوح سے بھی نوازا گیا۔

وقار یونس کا انٹرنیشنل کیریئر

فارمیٹمیچزوکٹیںبہترین باؤلنگاوسط‏5 وکٹیں‏10 وکٹیں
ٹیسٹ8737313/13523.56225
ون ڈے 2624167/3623.84130

وقار یونس نے اپنے کیریئر کے دوران قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں 7 ٹیسٹ اور 12 ون ڈے میچز کھیلے کہ جن میں انہوں نے 43 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میدان کا ایک انکلوژر بھی وقار یونس کے نام پر ہے۔

اس موقع پر وقار یونس کا کہنا تھا کہ "مجھے پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر بہت فخر ہے جبکہ میری والدہ اور اہلیہ بھی میرے ساتھ موجود تھیں۔ بلکہ مجھے تو اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں نے یہ خوبصورت لوح اپنی والدہ کے ہاتھوں سے حاصل کی، جو ہمیشہ میرے لیے پورے کرکٹ کیریئر میں ایک سہارا بنی رہیں۔ ان کی دعاؤں کے بغیر میں کبھی ایک پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے یہ سب حاصل نہ کر پاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان کے لیے کھیلنا میرے لیے ایک خواب کی تعبیر تھی اور میں نے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ہر لمحے کا بھرپور لطف اٹھایا۔ آج ملک کی آخری بار نمائندگی کے 19 سال بعد بورڈ کی جانب سے یہ اعزاز ملنا گویا میرے لیے سونے پہ سہاگہ ہے اور میں اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں۔"

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپریل 2021ء میں 'ہال آف فیم' کا آغاز کیا تھا، جس میں سب سے پہلے حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس کو شامل کیا گیا تھا۔ ان چھ کھلاڑیوں کا انتخاب اُن کے آئی سی سی ہال آف فیم میں ہونے کی وجہ سے کیا گیا۔ جس کے بعد ہر سال دو کھلاڑیوں کی شمولیت ہونی ہے۔ اکتوبر 2021ء میں ایک آزاد پینل نے عبد القادر اور فضل محمود کے ناموں کا انتخاب کیا جن کے ساتھ ہی 'پی سی بی ہال آف فیم' میں شامل اراکین کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔