پاکستان کو بُری شکست، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں

0 575

ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک تاریخی کامیابی کے بعد اگلے ہی مقابلے میں پاکستان ویمنز کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے ہاتھوں بُری طرح شکست ہوئی ہے۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلی ہی گیند پر ناہیدہ خان کی وکٹ گنوانے کے بعد آخری اوور تک پاکستانی اننگز سنبھل نہیں پائی اور پوری ٹیم صرف 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنر سدرا امین 77 گیندوں پر 32 رنز اور وکٹ کیپر سدرا نواز 44 گیندوں پر 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ان کے علاوہ صرف عمیمہ سہیل کی اننگز ہی دہرے ہندسے میں داخل ہوئی۔ باقی کسی بلے باز کو تو یہ توفیق بھی نہ مل سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے کیتھرین برنٹ اور سوفی برنٹ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

گو کہ پاکستان نے ابتدا ہی میں ٹیمی بیومونٹ کی وکٹ حاصل کر لی تھی لیکن اس کے بعد آخر تک محروم ہی رہا۔

ویمنز ورلڈ کپ - میچ نمبر 24

انگلینڈ بمقابلہ پاکستان

نتیجہ: انگلینڈ 9 وکٹوں سے جیت گیا

پاکستان105
سدرا امین3277
سدرا نواز2344
انگلینڈ باؤلنگامرو
کیتھرین برنٹ82173
سوفی ایکلسٹن8.31183

انگلینڈ 🏆107-1
ڈینی وائٹ7668
ہیدر نائٹ2436
پاکستان باؤلنگامرو
ڈیانا بیگ60141
نشرح سندھو40200

انگلینڈ کے تعاقب کی خاص بات ان کی رنز بنانے کی رفتار تھی۔ جہاں پاکستان نے صرف 105 رنز بنانے کے لیے 41.3 اوورز کھیل ڈالے، یہاں تک کہ اس نے 20 ویں اوور ہی میں ہدف حاصل کر لیا۔

ڈینی وائٹ 68 گیندوں پر 76 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہیں۔ جبکہ کپتان ہیدر نائٹ 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ میدان سے واپس آئیں۔

ابتدائی مقابلوں میں پے در پے ناکامیوں کے بعد دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کی یہ مسلسل تیسری کامیابی تھی۔ یوں ان کی اعزاز کی مہم اب بھی جاری ہے بلکہ پاکستان کے خلاف اس بڑی کامیابی نے ان کے نیٹ رن ریٹ کو بھی کافی فائدہ پہنچایا ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستان کا اب صرف ایک ہی میچ باقی بچا ہے، جو میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ بارش سے مکمل نہیں ہو پایا اور یوں جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ کی حالت اچھی نہیں تھی۔ صرف 22 رنز پر اس کی چار وکٹیں گر چکی تھیں جس کے بعد مگنن ڈو پریز اور مریزان کاپ کے درمیان 39 رنز کی شراکت داری جاری تھی کہ میچ کو بارش نے آ لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ویمنز ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، چاہے بھارت کے خلاف اس کے اگلے میچ کا نتیجہ کچھ بھی نکلے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز تین شکستوں کے بعد اب بُری طرح پھنس چکا ہے۔ اب اس کا تمام تر انحصار دوسری ٹیموں کے نتائج پر ہے۔