اسمتھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر

0 1,000

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز منگل 29 مارچ سے لاہور میں ہو رہا ہے جس کے لیے آسٹریلیا کے کئی کھلاڑی پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ کے وہ اراکین جو محدود اوورز کے دستوں میں شامل نہیں، وہ وطن واپسی کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

یہاں آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ محدود اوورز کے مرحلے سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس کی وجہ ان کی بائیں کہنی کی تکلیف ہے جس کے مسائل کا وہ بہت عرصے سے سامنا کر رہے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ان کی جگہ لیگ اسپنر مچل سویپسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو ویسے ہی پاکستان میں موجود ہیں۔

ایک بلے باز کی جگہ باؤلر کو کھلانے کا فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ آسٹریلیا کو اپنی بیٹنگ پاور پر بھرپور اعتماد ہے۔

اسمتھ کے علاوہ پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر اور مچل اسٹارک ٹیسٹ سیریز میں تاریخی کامیابی کے بعد وطن واپس جا رہے ہیں جبکہ محدود اوورز کی ٹیم میں شامل گلین میکسویل کی پچھلے ہفتے ہی شادی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے وہ آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

تین ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کے لیے آسٹریلیا کی قیادت آرون فنچ کے پاس ہے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین، مچل مارش، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، ایلکس کیری اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹیون اسمتھ انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں ہیں کیونکہ نیلامی میں انہیں کسی ٹیم نے حاصل نہیں کیا۔ اس لیے ان کے لیے دو مہینے آرام کے ہوں گے جس کے بعد وہ دورۂ سری لنکا کی تیاری کریں گے۔

رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور اگلے سال ون ڈے ورلڈ کپ ایشیا ہی میں کھیلا جائے گا اس لیے پاکستان کے خلاف یہ سیریز آسٹریلیا کے لیے بہت اہم ہے۔ یہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلے پہلے راولپنڈی میں کھیلے جانے تھے لیکن جڑواں شہروں میں سیاسی صورت حال کشیدہ ہونے کی وجہ سے ان مقابلوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاک-آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ:

آرون فنچ (کپتان)، ایڈم زیمپا، ایلکس کیری، آشٹن ایگر، بین ڈوارشوس، بین میک ڈرمٹ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، جیسن بیرنڈورف، شان ایبٹ، کیمرون گرین، مارکس اسٹوئنس، مارنس لبوشین، مچل سویپسن، مچل مارش اور نیتھن ایلس۔

پاک-آسٹریلیا محدود اوورز کی سیریز 2022ء

  بمقابلہبمقامبتاریخ
پاکستانپہلا ون ڈےآسٹریلیالاہور‏29 مارچ 2022ء
پاکستان دوسرا ون ڈےآسٹریلیا لاہور ‏31 مارچ 2022ء
پاکستان تیسرا ون ڈےآسٹریلیا لاہور ‏2 اپریل 2022ء
پاکستان واحد ٹی ٹوئنٹیآسٹریلیا لاہور ‏5 اپریل 2022ء