آسٹریلیا کو ایک اور دھچکا، مچل مارش بھی زخمی

0 734

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز تو جیت لی لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اس کے دو اہم ترین کھلاڑی زخمی ہو کر باہر ہو گئے ہیں۔پہلے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور اب اہم آل راؤنڈر مچل مارش۔

اسمتھ اپنی بائیں کہنی کی تکلیف بڑھ جانے کی وجہ سے جبکہ مارش ٹریننگ کے دوران کولہے کی انجری کی وجہ سے اب پاکستان کے خلاف نہیں کھیل پائیں گے۔ لیکن آسٹریلیا کو امید ہے کہ وہ صحت یاب ہو جائیں گے اور سیریز کے اگلے مقابلوں میں کھیلیں گے۔

آسٹریلیا نے ان کی جگہ آل راؤنڈر کیمرون گرین کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے جو منگل کو لاہور میں ہونے والے پہلے ون ڈے میں کھیلیں گے۔

مچل مارش 63 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں اور صرف وہی نہیں بلکہ تین دیگر اہم باؤلرز بھی اس سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں۔ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ۔ ان کی عدم موجودگی میں مچل مارش کی اہمیت بہت زیادہ تھی لیکن ان کے زخمی ہونے سے آسٹریلیا کو سخت دھچکا پہنچا ہوگا۔

ان کے مقابلے میں کیمرون گرین نے صرف ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا ہے اور غالباً حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔

بہرحال، اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ کہتے ہیں کہ یہ اگلے سال ورلڈ کپ سے پہلے اپنی بینچ اسٹرینتھ آزمانے کا بہترین موقع ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے تقریباً 8 مہینوں سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا بلکہ دسمبر 2020ء سے اب تک صرف 4 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔

پاک-آسٹریلیا محدود اوورز کی سیریز 2022ء

  بمقابلہبمقامبتاریخ
پاکستانپہلا ون ڈےآسٹریلیالاہور‏29 مارچ 2022ء
پاکستان دوسرا ون ڈےآسٹریلیا لاہور ‏31 مارچ 2022ء
پاکستان تیسرا ون ڈےآسٹریلیا لاہور ‏2 اپریل 2022ء
پاکستان واحد ٹی ٹوئنٹیآسٹریلیا لاہور ‏5 اپریل 2022ء