دھونی نے باؤلنگ کرکے ٹیسٹ کرکٹ کا مذاق اڑایا؛ کپل دیو

2 1,020

انگلستان کے خلاف اہم ترین سیریز میں بھارت کو پہلے ہی ٹیسٹ میں ایک زبردست دھچکا پہنچا ہے کیونکہ اس کے اسٹرائیک باؤلر ظہیر خان انجری کے باعث دوسرے روز ایکشن میں نظر نہیں آئے۔ بھارت مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ اور نسبتا کمزور باؤلنگ اٹیک کا حامل ہے اپنے اہم ترین باؤلر کے کھو بیٹھنے کے بعد اب پریشان دکھائی دیتا ہے کیونکہ ظہیر کی عدم موجودگی ہی انگلستان کے لیے پہلی اننگ میں 474 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کرنا ممکن بنا سکا۔ اس میں کیون پیٹرسن کی ناقابل شکست ڈبل سنچری (202 رنز) بھی شامل ہے۔

سیریز میں ظہیر خان کی مزید شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے

اس صورتحال میں جب بھارت کے پاس باؤلنگ آپشنز کی کمی ہو گئی، کپتان مہندر سنگھ دھونی نے وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری چھوڑ کر گیند تھام لی اور میچ کے دوسرے روز 8 اوورز کروائے۔

بھارت کے سابق کپتان اور حال ہی میں تاریخ کی عظیم ترین ٹیسٹ الیون میں جگہ پانے والے کپل دیو نے دھونی کے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ دھونی نے خود باؤلنگ کروا کر ٹیسٹ کرکٹ کا مذاق اڑایا ہے۔

بھارت کے معروف ٹیلی وژن چینل 'آج تک' سے گفتگو کرتے ہوئے کپل نے کہا کہ "لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز دھونی نے خود باؤلنگ کر کے ٹیسٹ کرکٹ کا مذاق اڑایا ہے، یہ ناقابل قبول حرکت تھی۔"

کپل نے ظہیر خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ "اس صورتحال کی ذمہ داری ظہیر پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ انہیں ٹیسٹ سے قبل ہی اپنے فٹنس لیول کا اندازہ ہونا چاہیے تھا اور ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔"

انہوں نے کہا کہ "ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن میں 20 اوورز کروانا کافی مشکل کام ہے، اور فٹنس ثابت کرتے ہوئے ٹیم میں واپس آتے ہوئے باؤلر کو اندازہ ہونا چاہیے۔" کپل دیو نے کہا کہ ظہیر نے بھارت کی ٹیسٹ میچ میں فتح کے امکانات کا خاتمہ کر دیا ہے۔

ظہیر خان لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز ہمسٹرنگ انجری کے باعث میدان بدر ہو گئے تھے اور دوسرے روز انہوں نے ایک اوور بھی باؤلنگ نہیں کی۔