[آج کا دن] دنیائے کرکٹ کا مردِ درویش

0 863

ہاشم آملا، یہ نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اپنے زمانے میں ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ کے نمبر ون بلے باز، جنہوں نے جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

ہاشم آملا 1983ء میں آج ہی کے دن یعنی 31 مارچ کو ڈربن، جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والدین کا تعلق بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت سے تھا، جہاں سے وہ ہجرت کر کے جنوبی افریقہ آئے تھے۔

جنوبی افریقہ میں 43 سال تک پابندی عائد رہی تھی کہ صرف گورا کھلاڑی ہی ملک کے لیے کھیل سکتا ہے۔ لیکن ظلم کے یہ ضابطے بالآخر 1991ء میں ختم ہوئے اور جنوبی افریقہ سے کئی ایسے کھلاڑی افق پر ابھرے جو سفید فام نہیں تھے۔ انہی میں ایک نمایاں نام ہاشم آملا کا تھا۔ جو دراصل انڈر-19 کرکٹ کی پیداوار تھے۔ 2002ء کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ہاشم آملا جنوبی افریقہ کے کپتان تھے۔

‏2004ء میں ہاشم آملا جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے پہلے ہندوستانی نژاد بلے باز بنے۔ ابتدائی طور پر ناکام رہے لیکن ہمت نہیں ہاری اور واپس آئے اور آتے ہی چھا گئے۔

کُل 124 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں 46.64 کے اوسط سے 9282 رنز بنائے۔ 28 سنچریاں اور 41 نصف سنچریاں بھی ان کے ریکارڈ پر موجود ہیں جن میں 311 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی شامل ہے۔ ایک ایسی اننگز جو ہر لحاظ تاریخی تھی۔ یہ تاریخ میں کسی بھی جنوبی افریقہ بلے باز کی پہلی ٹرپل سنچری تھی۔ ہاشم نے یہ اننگز انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں کھیلی تھی۔

ہاشم آملا کے ٹیسٹ کیریئر پر ایک نظر

میچزرنزبہترین اننگزاوسطسنچریاںنصف سنچریاں
ہاشم آملا1249282311*46.642841

ہاشم آملا ٹیسٹ کی طرح ون ڈے کے بھی ایک بہترین بلے باز تھے، جنہوں نے اس فارمیٹ میں 181 میچز میں 49.46 کے اوسط کے ساتھ 8113 رنز بنائے۔ 159 رنز کی ان کی بہترین اننگز تھی۔ اس اننگز سمیت انہوں نے 27 سنچریاں بنائیں اور 39 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

ہاشم آملا کے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر پر ایک نظر

میچزرنزبہترین اننگزاوسطسنچریاںنصف سنچریاں
ہاشم آملا181811315949.462739

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہاشم آملا اس لیے نمایاں ترین بلے باز رہے کیونکہ انہوں نے سب سے کم اننگز میں اپنے 2 ہزار رنز مکمل کیے اور اس کے بعد ہر سنگِ میل کو اسی طرح عبور کیا۔ 3 ہزار، 4 ہزار، 5 ہزار، 6 ہزار اور 7 ہزار رنز سب سے کم اننگز میں مکمل کرنے کے ریکارڈز قائم کیے۔ بدقسمتی سے صرف ایک اننگز کی کمی کی وجہ سے وہ 8 ہزار رنز کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے۔ بہرحال، کئی پرانے ریکارڈز اپنے نام کرنے کے بعد دنیائے کرکٹ سے رخصت ہوئے۔

انہی میں سب سے کم میچز میں 20 ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔

ہاشم آملہ نے اگست 2019ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ یوں تقریباً 15 سالہ شاندار کیریئر اپنے اختتام کو پہنچا۔