[ریکارڈز] سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والے پاکستانی کپتان

0 1,081

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی بنائی گئی سنچری مدتوں یاد رہے گی۔ ان کی 83 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 349 رنز کے ناقابلِ یقین ہدف کو عبور کیا اور یوں سیریز ‏1-1 سے برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔

اس میچ میں جہاں بہت سے ریکارڈ قائم ہوئے، وہیں انفرادی حیثیت میں بابر اعظم نے ایک امتیازی مقام حاصل کیا ہے۔ وہ پاکستان کے کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ 4 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے بحیثیتِ کپتان صرف 11 میچز کھیلے ہیں اور اتنے کم مقابلوں میں بھی وہ چار مرتبہ تہرے ہندسے کی اننگز کھیل چکے ہیں۔

بابر نے کپتان کی حیثیت سے اپنی پہلی سنچری نومبر 2020ء میں زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں بنائی تھی۔ پھر گزشتہ سال اپریل میں انہوں نے سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف 103 رنز بنائے۔ جولائی 2021ء میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں 158 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی تھی۔ آج لاہور میں انہوں نے 114 رنز کی وہ باری کھیلی جو مدتوں یاد رہے گی۔

بابر اعظم کی بحیثیتِ کپتان ون ڈے سنچریاں

رنزگیندیں4/6بمقابلہبمقامبتاریخ
12512513/1 زمبابوےراولپنڈی‏3 نومبر 2020ء
10310417/0 جنوبی افریقہسنچورین‏2 اپریل 2021ء
15813914/4 انگلینڈبرمنگھم‏13 جولائی 2021ء
1148311/1 آسٹریلیالاہور‏31 مارچ 2022ء

بابر اعظم سے پہلے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والے پاکستانی کپتان اظہر علی تھے۔ جنہوں نے کپتان کی حیثیت سے 31 میچز کھیلے اور 3 سنچریاں بنائیں۔

انضمام الحق تو 87 میچز میں صرف 2 سنچریاں بنا پائے تھے۔ ان کے علاوہ شاہد آفریدی نے 38 میچز میں بھی دو ایسی اننگز کھیلی۔

باقی کوئی پاکستانی کپتان ایک سے زیادہ سنچری نہیں بنا پایا۔ ان میں انتخاب عالم سے لے کر یونس تک، کپتانوں کی ایک طویل فہرست ہے۔

بحیثیتِ کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز

دورمقابلےسنچریاںنصف سنچریاںبہترین اننگز
بابر اعظم‏2020-2022ء1143158
اظہر علی‏2015-2017ء3135102
انضمام الحق‏2002-2007ء87219123
شاہد آفریدی‏2009-2014ء3822124

بابر اعظم اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر 15 سنچریاں رکھتے ہیں۔ ان کا بیٹنگ اوسط ویسے تو 57.72 ہے لیکن بحیثیت کپتان یہ 79.70 تک جا پہنچتا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ کپتان کی حیثیت سے وہ مزید بہتر کھلاڑی بن گئے ہیں۔